• news

کالا باغ ڈیم پر بھی عمران نے یو ٹرن لے لیا: شرجیل میمن، زعیم قادری

لاہور، کراچی (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے عمران خان کے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ زعیم قادری کا کہنا ہے کہ عمران خان پنجاب میں کالا باغ ڈیم بنانے اور سندھ جا کر نہ بنانے کی بات کرتے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے تو کالا باغ ڈیم بنانے کا وعدہ اپنے منشور میں شامل کر رکھا ہے عمران خان نے کالا باغ ڈیم کے معاملے پر بھی یو ٹرن لے لیا۔ زعیم قادری نے کہا کہ عوام عمران کی اصلیت جان چکے ہیں۔ دوعملی اور جھوٹ کی سیاست نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یہاں کے لوگوں اور سندھ میں و ہاں کے لوگوں پر الزامات کی بوچھاڑ کرنا کونسی سیاست ہے؟ عمران خان کی فاشزم‘ تشدد اور نفرت کی پالیسی کامیاب نہیں ہو سکی۔ عمران خان ہٹ دھرمی اور ضد کی سیاست کی علامت بن چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسے بے وقت کی راگنی ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جس طرح 14اگست کے بعد 15اگست آیا تھا، اس طرح 30نومبر کے بعد یکم دسمبر آئےگی اور کچھ نہیں ہوگا، یہی حکومت ہو گی۔ عمران خان کے دھرنے اور جلسے پانی کے بلبلے ہیں، آہستہ آہستہ پھٹ جائیں گے، وہ خیبر پی کے کے عوام پر رحم کریں اور مینڈیٹ کا احترام کر کے صوبے پر توجہ دیں، عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں۔


ای پیپر-دی نیشن