• news

میٹرک سپلیمنٹری کے نتائج، لاہور 12893، گوجرانوالہ میں 9409 امیدوار کامیاب

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاروں سے) پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈ لاہور کے جاری کردہ نتائج کے مطابق میٹرک سپلیمنٹری امتحانات میں 25782 امیدواروں نے شرکت کی، 12893 کامیاب ہوئے۔ تناسب 50 فیصد رہا۔ امتحان میں 16269 لڑکوں نے حصہ لیا، 7253 نے کامیابی پائی۔ اسی طرح 9513 لڑکیوں میں سے 5640 نے کامیابی حاصل کی۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت میٹرک سپلیمنٹری امتحانات میں 5660 امیدواروں نے شرکت کی۔ 2704 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 47.77 رہا۔ سرگودھا سے نامہ نگارکے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری سکولز سرگودھا میں میٹرک کے ضمنی امتحانات میں 4700 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں 55.38 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے زیراہتمام ہونے والے امتحان میٹرک ضمنی 2014ءکے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر کے مطابق امتحانات میں کل 13902 طلباءوطالبات نے شرکت کی، 5346 پاس جبکہ 8556 فیل ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 39.00 فیصد رہا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان میں شریک ہونے والے تمام ریگولر طلباءوطالبات کو ان کے تعلیمی اداروں کی وساطت جبکہ پرائیویٹ طلباءوطالبات کو ان کے داخلہ فارموں پر دیئے گئے گھروں کے پتہ جات پر ان کے رزلٹ کارڈ جلد ارسال کر دیئے جائیں گے تاہم جن امیدواروں کو ان کے رزلٹ کارڈ مورخہ 29 نومبر 2014ءتک موصول نہ ہوں تو وہ فوری طور پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے نیوکیمپس واقع جھنگ روڈ فیصل آباد کی میٹرک برانچ سے بالمشافہ رابطہ قائم کریں۔ ایس ایم ایس سروس سے رزلٹ معلوم کرنے کیلئے امیدواران اپنا رول نمبر لکھ کر 800240 پر بھیج دیں۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ نے میٹرک سپلیمنٹری امتحانات 2014ءکے نتائج کا اعلان کردیا۔ امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 50فیصد رہا۔ امتحانات میں 18840 طلبہ نے شرکت کی جن میں سے 9409 پاس اور 9431 فیل ہوئے۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر تنویر ظفر کے مطابق سائنس گروپ میں 6709 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 3303 پاس ہوئے۔ جنرل گروپ میں 6106 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ 19 امیدواروں نے اے پلس‘ 29 نے اے اور 221 نے بی گریڈ حاصل کیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر تنویر ظفر نے بتایا تمام امیدواروں کو رزلٹ کارڈ ان کے ایڈریس پر بھیج دئیے گئے ہیں۔ ساہیوال سے نامہ نگارکے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر انور احمد نے میٹرک کے ضمنی امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کل 6456 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا اور 3118 امیدوار کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 48.3 فیصد رہا۔ راولپنڈی سے اے پی پی کے مطابق بورڈ آف انٹرمےڈےٹ اےنڈ سیکنڈری اےجوکےشن نے میٹرک کے ضمنی امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین راولپنڈی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر ظریف بھٹی نے بتایا کہ 14857طلباءو طالبات نے مذکورہ امتحان کےلئے داخلہ بھیجا جن میں سے 14326 امیدواران شامل امتحان ہوئے۔ ان میں سے5627 امیدواران کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 39.28 رہا جبکہ 8653 امیدواران فیل ہوئے اور 282 امیدواران غیر حاضر رہے۔
میٹرک امتحانات

ای پیپر-دی نیشن