• news

دھرنوں سے دھاندلی زدہ حکومت کے پاﺅں ہل گئے، مڈٹرم نہیں ری الیکشن ہونگے: پرویز الٰہی

لاہور+ بہاولپور (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ دھرنوں سے دھاندلی حکومت کے پاﺅں ہل گئے ہیں، ملک میں مڈٹرم نہیں، ری الیکشن ہوں گے، ہم نے پنجاب کو خوشحال بنایا اور شہباز شریف نے جس طرح برباد کیا، اس پر آج بہاولپور میں عوام کے سمندر میں تفصیلات بتاﺅں گا۔ شہباز شریف کو کارکردگی کے حوالے سے ایک بار پھر چیلنج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف میرا چیلنج قبول کریں، صرف جعلی پولیس مقابلے اور بے گناہوں کا قتل عام کرانے میں ان کی کارکردگی بہتر ہے۔ وہ طارق بشیر ایم این اے، بشارت راجہ، ظہیر الدین، ڈکٹر افضل ایم پی اے، احسان الحق، احمد نواز، عالمگیر اور طارق گجر کے ہمراہ خالد گجر کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی حکومت تو بن سکتی ہے چل نہیں سکتی، آج پورے ملک میں گو نواز گو کی آواز گونج رہی ہے، یہاں سے گو شہباز گو کی آواز بھی اٹھے گی۔ ق لیگ چاروں صوبوں کے عوام بالخصوص سرسبز چولستان اور تھر کیلئے کالاباغ ڈیم کے حق میں آواز بلند کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جنوبی پنجاب سے محبت ہے، اس لئے اپنے جلسوں کا آغاز بہاولپور سے کررہے ہیں۔ مزید براں ق لیگ آج بہاولپور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے بتایا کہ جلسے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن