• news

دھرنے نے شریف اقتدار کی جڑیں کھوکھلی کردیں، الٹی گنتی شروع ہوگئی: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 70 دن کے دھرنے اور ملک گیر احتجاجی تحریک نے شریف اقتدار کی جڑیں کھوکھلی کر دیں، موجودہ حکمران کچھ عرصہ کے مہمان ہیں ان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، حقیقی جمہوریت اور آئندہ کے سیاسی منظر نامے میں سٹیٹس کو کی حامی جماعتوں کا کوئی کردار نہیں ہو گا، عوام ظالمانہ نظام کی رخصتی چاہتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے سنیئر رہنماﺅں کے غیر رسمی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کی غلامی قبول کر چکے ہیں۔ قرضوں کی رکی ہوئی قسطیں بحال کروانے کےلئے آئے روز بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔پٹرول کی محض 9 فیصد قیمتیں کم کرنے کا ڈرامہ کرنے کے بعد گیس کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ کر دیا گیاجو عوام کے ساتھ ظلم ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ حکمران اس اضافہ کو واپس لیں۔ انہوں نے رہنماﺅں کو ہدایت کی کہ پاکستان عوامی تحریک کو گراس روٹ پر منظم اور متحرک تنظیمی قوت میں تبدیل کرنے کےلئے دن رات محنت کی جائے۔ ہم آئندہ ہر الیکشن میں نظام کی تبدیلی کےلئے حصہ لیں گے اور اب سڑکوں کے ساتھ ساتھ اسمبلیوں کے اندر بھی جدوجہد کریں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کراچی اورنگی ٹاﺅن میں ایم کیو ایم کے کیمپ آفس پر دستی بم حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ اور وفاقی حکومت واقعہ میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرے۔ ایک سازش کے تحت سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے کےلئے تشدد کو ہوا دی جا رہی ہے۔ دریں اثناءڈاکٹر طاہر القادری نے نماز جمعہ ماڈل ٹاﺅن میں جامعہ المنہاج میں ادا کی، نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد وہ نمازیوں سے گھل مل گئے اور ایک گھنٹہ تک گفتگو کی۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن