• news

سیاست، معیشت اور مسلمانوں کا ہر عمل قرآن و سنت کے مطابق ہونا چاہئے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا دین اور مکمل ضابطہ حیات ہے۔ سیاست، معیشت و معاشرت سمیت مسلمانوں کا ہر عمل قرآن و سنت کے مطابق ہو نا چاہئے، مسلمان ہندوئوں اور یہودونصاریٰ کا کلچر چھوڑ کر محمدی کلچر سے وابستہ ہوں۔ جو قومیں کفار کا کلچر اپنا لیتی ہیں وہ پھر میدانوں میں ان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ اور بعد ازاں کارکنان کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں مسلمانوں کو دین سے دور کرنے کے لئے ان کا مساجد و مدارس سے تعلق کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ اس مقصد کے لئے بے پناہ وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ہمیں متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ پاکستان قرآن و سنت کے نفاذ کے لئے حاصل کیا گیا تھا،علماء ملک بچانے اور نفاذ شریعت کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کی صحیح اصلاح کیلئے دینی تعلیم کی اشد ضرورت ہے۔ موجودہ دور میں جہاں تعلیم عام ہو چکی وہیں معاشرے میں بہت زیادہ بگاڑ پیدا ہو چکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے تعلیمی ادارے بنائے جائیں جن کا مقصد تجارت کی بجائے معاشرے کی اصلاح ہو۔

ای پیپر-دی نیشن