• news

مشرف کیخلاف حکومتی مقدمہ زیرو ہوگیا: بیرسٹر فروغ نسیم

کراچی (نمائندہ خصوصی) سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے آئین شکنی کے مقدمے میں خصوصی عدالت کی جانب سے اپنی درخواست پر آنے والے فیصلے پر گہری خوشی اور اطمینان کا اظہارکیا ہے اور بیرسٹر فروغ اے نسیم سمیت اپنے وکلاء کو مبارکباد پیش کی ہے جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ اے نسیم نے نوائے وقت  سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی عدالت کا اکثریت فیصلہ مشرف کو انصاف کی فراہمی کی جانب دوسرا بڑا قدم ہے۔ اس سے پہلے عدالت نے متعلقہ دستاویزات تک رسائی فراہم کرکے مشرف کو انصاف کے حصول کے حوالے سے بڑا بریک تھرو دیا تھا۔ آج کے فیصلے کے بارے میںابھی کافی کچھ طے ہونا باقی ہے۔ اسکے خلاف کوئی بھی فریق اپیلٹ فورم سے  رجوع کر سکتا ہے  تاکہ کسی بھی قسم کا ابہام دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک آج کے فیصلے سے اب مشرف کے   خلاف حکومت کا مقدمہ زیرو ہوگیا ہے اور کمپلینٹ خارج ہو جاتی ہے اب نئی ترمیم کرکے دوبارہ سے چارج فریم کرنا پڑے گا اور جوائنٹ ٹرائل چلے گا۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ جسٹس عبدالحمید ڈوگر‘ شوکت عزیز اور زاہد حامد کو بھی اب کم از کم  خصوصی عدالت سے رجوع ضرور کرنا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن