دہشتگردی کا خطرہ، لاہور میں سرچ آپریشن، 13 غیر ملکیوں سمیت 29 مشکوک افراد گرفتار
لاہور (نامہ نگار) دہشت گردوں کی جانب سے خودکش حملوں کے خدشات کے پیش نظر بڑے شہروں میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے شہر میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کے دوران 13 غیر ملکیوں سمیت 29 مشکوک افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ جس کے بعد ائر پورٹ، سیاسی شخصیات، لاری اڈوں، سرکاری عمارات کے علاوہ سرحدی علاقوں میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ برٹش قونصل اور غیر ملکیوں کی رہائش گاہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور حساس اداروں کی ٹیم نے مشترکہ طور پر لاہور میں صدر ڈویژن، کینٹ، اقبال ٹاؤن اور سٹی سرکل میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشکوک افراد کو گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی نشاندہی پر پولیس نے کینٹ سرکل میں ایک گھر پر چھاپہ کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لٹریچر، ممنوعہ اشیائ، نقشے اور موبائل فونز کی جعلی سمیں بھی برآمد کی ہیں۔ گرفتار افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے جن میں چار افراد کا تعلق ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے جبکہ گرفتار ہونے والے بعض غیر ملکی باشندے غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے۔