• news

فیروزوالا: مخبری کے شبہ پر فائرنگ کرکے بھائی اور بھتیجا قتل کر دیا

فیروزوالا+ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) فیروزوالا کے نواحی گائوں ٹبہ نورے والا میں پولیس کو مخبری کرنے کے شبہ پر بھائیوں نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے فائرنگ کرکے اپنے حقیقی بھائی عبداللطیف اور اسکے بیٹے جمیل کو قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ نورے والا کے رہائشی عبداللطیف اور اسکے بھائی وکیل احمد کے درمیان اس بات پر متعدد بار تلخ کلامی بھی ہوئی۔ گزشتہ روز عبداللطیف اپنے گھر میں بیوی بچوں کے ہمراہ موجود تھا کہ اسکا بھائی وکیل احمد، محمد اقبال اور غلام رسول عرف مٹھو وغیرہ مسلح ہوکر آئے جنہوں نے بہانے سے عبداللطیف کو گھر سے باہر بلایا اور اسے گولی مار دی اسکے بیٹے جمیل نے باپ کو بچانے کی کوشش کی تو ملزموں نے اسے بھی گولیاں مار دیں۔ جس سے دونوں باپ بیٹا ہلاک ہو گئے ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق قتل ہونے والا لطیف اور ملزم وکیل جرائم پیشہ تھے۔ انکے خلاف سنگین نوعیت کے بے شمار مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے مرنے والوں کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال بھیج دی۔

ای پیپر-دی نیشن