• news

امریکہ کا 50 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل نہ کرنے کا اعلان

واشنگٹن(آئی این پی +اے ایف پی+بی بی سی ) امریکی صدر بارک اوباما نے موجودہ امیگریشن نظام کو فرسودہ قرار دیتے ہوئے اور خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے امیگریشن اصلاحات سے متعلق ایگزیکٹیو آرڈر جاری کر دیا جس کے بعد ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم 50لاکھ افراد کو بے دخل نہیں کیا جائے گا اور ان تارکین وطن کو ملازمت کی اجازت ہو گی۔ صدر اوباما کے اعلان کے بعد امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر تارکین وطن خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ امریکی امیگریشن سسٹم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اصلاحات کا مقصد غیر قانونی تارکین وطن خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ نئی اصلاحات کی وجہ سے امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد ملک بدری سے بچ سکتے ہیں، اوبامی نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے تارکین وطن کی سر زمین رہا ہے اور وہ چھپے رہنے کا عمل ترک کر کے سامنے آئیں اور قانون سے اپنا درست تعلق استوار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  ملکی سلامتی اور عوام کیلئے خطرہ سمجھے جانیوالے تارکین کو ملک بدر کیا جائیگا۔ صدر اوباما کی اصلاحات کے نتیجے میں جن افراد کو فائدہ پہنچے گا ان میں سے بیشتر وہ والدین ہیں جن کی اولاد امریکی شہری ہے یا پھر 5برس سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم ہیں۔ انہیں 3سال کیلئے ملازمت کا اجازت نامہ دیا جائیگا لاکھوں افراد کو بیدخل کرنا حقیقت پسندانہ نہیں اس لئے محنت کش تارکین وطن کو ایک موقع دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ وہ عام معافی کا اعلان نہیں کر رہے بلکہ عام فہم معاملہ اور درمیانی راستہ ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد قانونی طور پر کام کرنے کے اہل ہو جائیں گے لیکن نہ تو انہیں شہریت اور نہ ہی دیگر امریکیوں کی طرح حکومتی امداد مل سکے گی۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعت ری پبلکن پارٹی نے کہا ہے کہ کانگریس سے منظوری لئے بغیر یہ اقدام صدر کی جانب سے اختیارات سے تجاوز کے مترادف ہے۔  اس ایگزیکٹو آرڈر سے متعدد پاکستانیوں کو بھی براہ راست فائدہ ہو گا۔ صدر اوباما کے اعلان کے بعد امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر تارکین وطن خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر آئے اور جشن منایا۔اے ایف پی کے مطابق سپیکر امریکی ہائوس جان بوہنر نے کہا ہے کہ صدر اوباما کی امیگریشن پر ایگزیکٹو کارروائی سے کانگرس میں قانون سازی کو سبوتاژ کیا ہے۔  انہوں نے  احتجاج کرنے کا اعلان کیا لیکن اس کی تفصیل نہیں بتائی۔بی بی سی کے مطابق امریکی صدر اوباما نے امریکہ کے امیگریشن کے قانون میں تبدیلیوں کے اعلان سے  امریکہ میں غیر قانونی طریقے سے مقیم بھارتیوں کی زندگی بھی بدل سکتی ہے۔ غیر قانونی تارکینِ وطن میں سب سے زیادہ آبادی میکسیکو کے باشندوں کی ہے۔ پیو ریسرچ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میکسیکو کے بعد ان پانچ ممالک میں شامل ہے جہاں کے لوگ سب سے زیادہ تعداد میں غیر قانونی طریقے سے امریکہ میں رہ رہے ہیں۔ بھارتیوں کی تعداد ساڑھے چار لاکھ ہے اور یقینی طور پر نئے اعلانات کا اثر ان پر پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن