• news

قائمہ کمیٹی کا اجلاس‘ سابق سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبر پی کے ساجد جدون کے وارنٹ جاری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) قائمہ کمیٹی نے خیبر پی کے کے سابق سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ساجد جدون کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے آئی جی خیبر پی کے کو ہدایت کی ہے کہ کمیٹی کے آئندہ کے اجلاس میں ان کی شرکت یقینی بنائی جائے۔ سینیٹ کی قواعد و ضوابط اور استحقاق کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز چیئر مین کمیٹی سینیٹر کرنل(ر)طاہر حسین مشہدی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ز تنویر الحق تھانوی اور زاہد خان کی طرف سے دو تحاریک استحقاق کے معاملے کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف سیکرٹری سندھ سجاد سلیم کیخلاف تنویر الحق تھانوی کے فون کا جواب نہ دینے اور ملاقات نہ کرنے پر تحریک استحقاق سینیٹ میں پیش کی گئی تھی اور سینیٹر زاہد خان کی طرف سے خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی طرف سے واٹر سپلائی سکیم کی تاریخ کے تعین کے بعد افتتاح کے موقع پر کسی بھی اہلکار کی غیر موجودگی کی وجہ سے تحریک استحقاق پیش کی گئی ۔اجلاس کے دوران ارکان کمیٹی نے خیبر پی کے کے سابق سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ساجد جدون کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ افتتاح کے موقع پر ان کا موجود نہ ہونا بھی غلطی تھی اور قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنا نا مناسب ہے۔ ہنگو اور مالا کنڈ سے جونیئر افسران کو اجلاس میں بھیجا جا سکتا ہے تو سیکرٹری خود حاضر کیوں نہیں؟ پارلیمنٹ کو تو وزیر اعظم بھی جواب دے ہیں۔ سرکاری مصروفیت کا بہانہ نا قابل قبول ہے۔ قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر متعلقہ سیکرٹری ساجد جدون کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے آئی جی خیبر پی کے کو ہدایت کی کمیٹی کے آئندہ کے اجلاس میں ان کی شرکت یقینی بنائی جائے۔ سینیٹر تنویر الحق تھانوی کی تحریک استحقاق کے حوالے سے چیئر مین کمیٹی سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ چیف سیکرٹری سندھ بیمار تھے جس پر اراکین کمیٹی کسی متفقہ رائے پر معاملہ ختم کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن