ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا میں مزید 2 بچے جاں بحق، ایم ایس معطل
سرگودھا (نامہ نگار) ڈی ایچ کیو ہسپتال کے بچہ وارڈ میں ہفتے کے روز ڈیڑھ سالہ بچی اور نرسری میں ایک بچے حسن درانی نے دم توڑ دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچی کو پیدائشی طور پر فالج تھا جبکہ بچے کی عمر 8 روز تھی دوسری جانب وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکرٹری صحت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اقبال سمیع کو معطل کر دیا ہے اور عارضی چارج ڈائریکٹر ہیلتھ سرگودھا ڈاکٹر نجم الحسن کو دے دیا ہے ذرائع کے مطابق ایم ایس، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کیخلاف مقدمات کی اطلاع پر ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف چھٹیاں لینے کے بارے میں مشورہ کر رہے ہیں اور ہسپتال آنے والے نوزائیدہ بچوں کو دوسرے ہسپتالوں میں لے جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ دوسری جانب ایم ایس ڈاکٹر نجم الحسن کاظمی نے چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے ضلع انتظامیہ نے نرسری وارڈ کیلئے ایک انکیوبیٹر فراہم کر دیا ہے۔