پرویز الٰہی کی تقریر ذہنی دیوالیہ پن اور مایوسی کی عکاس تھی: زعیم قادری
لاہور (پ ر) ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی کی بہاولپور میں تقریر انکے ذہنی دیوالیہ پن اور مایوسی کی عکاس تھی۔ انکی سیاست قصہ پارینہ بن چکی۔ وہ جتنا مرضی واویلا کرلیں‘ لوٹ مار اور کرپشن کا دور واپس نہیں آسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تانگہ پارٹی کو عام انتخابات میں بدترین شکست کے بعد بہاولپور میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جہاں چند ہزار لوگوں کے اجتماع سے (ق) لیگ کی مقبولیت کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ بہاولپور کے عوام نے بھی چودھری برادران کی سیاست کو بری طرح مسترد کردیا۔ (ق) لیگ نعروں کے ذریعے عوام کو دوبارہ دھوکہ نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کارکردگی کا نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی برملا اعتراف کیا جاتا ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ شہبازشریف شفافیت اور میرٹ جبکہ پرویز الٰہی کرپشن اور لوٹ مار کی پہچان ہیں۔ درحقیقت وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی کارکردگی سے موازنہ کرنے والے چوہدری برادران سورج کو چراغ دکھانا چاہتے ہیں۔ اگر پرویز الٰہی کے دل میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر سمیت پنجاب کی بہتری کے لئے تڑپ تھی تو وہ اپنے دور اقتدار میں ان پر کیوں عملدرآمد نہیں کر سکے؟ چودھری برادران کے پیٹ میں صرف اور صرف اقتدار حاصل کرنے کا درد اٹھتا ہے۔