شہباز شریف قاتل اعلیٰ ہیں، کالا باغ ڈیم بنانے کے لئے چھوٹے صوبوں کے آگے ہاتھ جوڑیں گے: پرویز الہی
بہاولپور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں بجلی 5 روپے یونٹ ملتی تھی اور آج 18 سے 20 روپے فی یونٹ مل رہی ہے۔ میرے دور میں زرعی ٹیوب ویل کا آدھا بل حکومت ادا کرتی تھی۔ شہباز شریف مینار پاکستان کے باہر ڈرامہ لگا کر بیٹھ گیا تھا اور کہا تھا کہ بجلی 6 ماہ میں آ جائیگی تو اب وہ بجلی کہاں ہے، آج جب بجلی کی بات کرتے ہیں تو کہتا ہے کہ میں چین جا رہا ہوں بھائی کو بھی ساتھ لے جاتا ہے۔ 18 روپے یونٹ جس ملک میں بجلی مل رہی ہو وہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بننا چاہیے، اس سے 3 روپے یونٹ بجلی ملے گی اور چاروں صوبوں کو پانی ملے گا اور سب سے زیادہ پانی صوبہ سندھ کو ملے گا۔ ہم ان صوبوں کے عوام کے آگے ہاتھ جوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے لیے یہ ڈیم بننے دیں۔ اس میں سب کا فائدہ ہے انہوں نے کہا میرے دور میں بچیوں کو پانچویں سے میٹرک تک وظیفہ ملتا تھا۔ کسان میرے دل کے قریب ہے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کسانوں کے ساتھ ظلم کیا میرے دور میں 250 کیوبک فٹ پانی یہاں بہاولپور کے چولستانی علاقے کو ملتا تھا اور آپ کے دس سال اور میرے پانچ سالہ دور حکومت میں موازنہ کر لیں ہم نے وعدے نہیں کیے بلکہ کام کیے جو خود بولتے ہیں مگر آپ نے وعدے کئے۔ دھاندلی سے حکومت حاصل کی تو جا سکتی ہے مگر چل نہیں سکتی۔ قبل ازیں ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کی تنظیم سازی کرنے کیلئے جلسوں کا پروگرام بنایا ہے اور ہم نے رابطہ عوامی جلسہ کا آغاز بہاولپور سے کر دیا ہے۔ قائد اعظم فرمایا کرتے تھے کہ مسلم لیگ مضبوط ہو گی تو پاکستان مضبوط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دھاندلی سے قائم ہو سکتی ہے مگر چل نہیں سکتی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ بہاولپور والوں نے دل خوش کر دیا۔ جلسے کے شرکاء ہمارے سپاہی ہیں۔ شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ آپ کے دس سال اور ہمارے پانچ سال ترقی کے کاموں کا خود جائزہ لیں۔شہباز شریف نے سڑکیں بنانے کیلئے فنڈ ہی نہیں رکھا اب سستا تندور دکھائی دیتا ہے اور نہ روٹی ایک خاندان حکومت باقی سب ماتم کر رہے ہیں۔بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت میں سستی بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔چین اور بھارت ہزاروں ڈیم بنا چکے ہیں، ہم نے صرف تین ڈیم بنائے، کالا باغ ڈیم کا نام پسند نہیں تو اس کا نام پاکستان ڈیم رکھ لیں۔ شہباز شریف کے حکم پر ماڈل ٹائون میں 15 افراد قتل ہوئے شہباز شریف قاتل اعلیٰ ہیں، وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، اب بہاولپور صوبہ بنا لیں۔