• news

امریکی سفیر کی ملاقات: اپنا حق مانگ رہے ہیں کوئی ناجائز چیز نہیں: عمران

اسلام آباد، گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران اپنی کرسی بچانے کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ ووٹ چوری کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا۔ اسلام آباد دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنا حق مانگ رہے ہیں، کوئی ناجائز چیز نہیں۔ ہم سے قیادت کو منتخب کرنے کا حق لے لیا گیا۔ آج 14 اگست سے زیادہ جنون اور جذبہ نظر آرہا ہے، حکمرانوں کا خیال تھا سردی کی وجہ سے دھرنا چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ جب تک انصاف نہیں ملے گا، دھرنا یہیں رہے گا۔ جمہوریت جتنی بہتر ہوگی، اتنی ہی خوشحالی آئیگی۔ عام آدمی کے پاس ووٹ سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ پاکستان میں کبھی حقیقی جمہوریت نہیں آئی۔ قبل ازیں عمران خان سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی جس میں سیاسی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہوئی۔ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران نے 2013ء کے انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمشن کی تشکیل نو اور انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں۔ انتخابات 2013ء کے آڈٹ کا مطالبہ کیا۔ امریکی سفیر نے 30 نومبر جلسہ کے بارے میں دریافت کیا۔ عمران خان نے جواب دیا 30 نومبر کے جلسہ سے نقص امن کا خطرہ نہیں۔ عمران نے کہا کہ بدامنی پیدا نہیں ہو گی۔ تحریک انصاف آئین کے اندر رہی ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم کے استعفے کی بات نہیں ہوئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جناح سٹیڈیم میں پی ٹی آئی کا سیاسی دنگل آج ہوگا، انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی جبکہ ٹائیگرز اور متوالوں کے درمیان قیادت کیخلاف نعرے بازی سے جی ٹی روڈ میدان جنگ بن سکتا ہے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں نے بھرپور جواب دینے کیلئے لنگوٹ کس لئے، دینی جماعتوں کی جانب سے بھی ری ایکشن کے خدشات پیدا ہو گئے۔ پنڈال کو قائدین کی قدآور تصاویر والے پورٹریٹس، خوش آمدیدی بینرز، پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے گوجرانوالہ کا جلسہ تاریخی ہو گا۔ جلسہ گاہ کے باہر سکیورٹی کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ مسلم لیگ (ن) یو تھ ونگ اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان ممکنہ تصادم کے خدشات پر اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر یوتھ ونگ کے صوبائی سیکرٹری کارکنوں کو پُرامن رہنے کی تلقین کرنے گوجرانوالہ پہنچ گئے۔ یوتھ ونگ سٹی سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران صوبائی جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ کاشف رندھاوا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امام عمران خان خود باغی ہو گئے ہیں جن کے جلسوں میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کیخلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے پر کارکنوں میں اشتعال پایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے انہیںہنگامی طور پر کارکنوں کو پُرامن رہنے کی ہدایت کرنے کیلئے گوجرانوالہ بھیجا ہے۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کیلئے آنیوالے قافلوں کی جی ٹی روڈ پر فوٹیج بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ کسی شرپسندی کی صورت میں ملزمان کی شناخت ہو سکے۔آئی این پی کے مطابق عمران نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بلاول،مریم اور حمزہ کا اقتدار میں آنے کا راستہ روکیں گے۔ تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی نورا کشتی مزید نہیں چلنے دے گی، دھرنے کے خوف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا۔ خیبر پی کے میں شفاف انتخابات ہوئے، کسی کو کوئی شک ہے تو دوبارہ الیکشن کرانے کو تیار ہیں۔ تحریک انصاف کے ناقدین بھی اب تسلیم کر رہے ہیں کہ آئندہ حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا آزادی دھرنا تب تک رہے گا جب تک ہمیں انصاف نہیں ملے گا۔ اگر دھرنا نہ ہوتا تو نواز شریف نے گیس کی قیمتوں میں 27 فیصد اضافہ کر دیا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ گو نواز گو کا نعرہ عنقریب رائیونڈ تک پہنچنے والا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن