بوفورس کے بعد سب سے بڑا سودا: بھارت نے اسلحہ کی خریداری کے لئے2.40 ارب ڈالر کا ٹینڈر دیدیا
نئی دہلی + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی+ سپیشل رپورٹ) مودی سرکار نے اسلحہ خریدنے کا سابقہ بھارتی حکومتوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اور 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کا اسلحہ خریدنے کیلئے ٹینڈر جاری کردئیے ہیں۔ بھارتی فوج کیلئے اسلحہ خریداری کا یہ سب سے بڑا ٹینڈر ہے۔ اس رقم سے 814 جدید ترین بلندی پر مار کرنے والی توپیں خریدی جائینگی۔ 1987ء میں بوفورس توپوں کی خریداری کے کے بعد یہ سب سے بڑا سودا ہو گا۔ بھارت نے تاہم لڑاکا طیارہ کے پائلٹوں کی تربیت کیلئے 106 سوئس طیاروں کی خریداری مؤخر کر دی ہے۔ بھارت اپنی پرانی 105 ایم ایم کی لائٹ فیلڈ گنز کو ماؤنٹڈڈ گنز اور ویلڈ آرٹلری میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ بھارت کی ڈیفنس ایکوزیشن کونسل نے مودی کی سربراہی میں ہونے والے پہلے اجلاس کے بعد اس بڑے سودے کی منظوری دیدی ہے۔ بھارت دنیا میں اسلحہ کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ بھارت نے تربیت کیلئے 75 طیاروں کی خریداری کا 2013ء میں معاہدہ کیا تھا اب تک 53 حاصل کئے جا چکے ہیں۔ بھارت سویت دور کے مگ طیارے بھی تبدیل کرنا چاہتا ہے، روسی ساختہ مگ 21 ایس کو اڑتا ہوا کفن قرار دیا جاتا ہے۔ بھارت پاکستان کے ساتھ حالیہ جھڑپوں، چین سے سرحدی تنازعہ کے تناظر میں اسلحہ کی خریداری کے حوالے سے پیشرفت کر رہا ہے۔