• news

کوٹ رادھا کشن واقعہ کا ازخود نوٹس، سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت سے کل رپورٹ مانگ لی

اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے کوٹ رادھا کشن واقعہ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت کو جامع رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد رپورٹ جمع نہ کرانے کا بھی ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں اقلیتوں کے تحفظ کیلئے حکومت کو متعدد اقدامات کرکے عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا مگر یاددہانیوں کے باوجود وفاق اور صوبائی حکومتوں نے تاحال عدالتی فیصلے پر عملدرآمد رپورٹ جمع نہیں۔ واضح رہے چند روز قبل قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں بھٹہ مالک یوسف گجر نے اپنے ساتھیوں کیساتھ ملکر ارشد مسیح اور اسکی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بھٹے میں پھینک کر زندہ جلا دیا تھا جس کی تحقیقات کیلئے پنجاب حکومت نے ایک کمیشن بھی تشکیل دیا تھا اور پولیس نے 16 ملزمان کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کررکھی ہیں۔ بی بی سی کے مطابق عدالتی طریقہ کار کے مطابق اگر پنجاب حکومت کی طرف سے جمع کردہ رپورٹ عدالت کی جانب سے تسلی بخش قرار دی گئی تو ازخود نوٹس نمٹا دیا جائیگا اور اگر تسلی بخش قرار نہیں پائی تو پنجاب حکومت کے متعلقہ حکام کو مزید کارروائی کیلئے طلب کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن