سرگودھا، وہاڑی کے ہسپتالوں میں بچوں کی ہلاکتیں، ذمہ داروں کو گرفتار کیا جائے: شہباز شریف
لاہور ( خصوصی رپورٹر ) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ وہاڑی اور سرگودھا کے ہسپتالوں میں معصوم بچوں کی اموات کے المناک واقعات ناقابل برداشت ہیں، ذمہ داروں نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ کسی رو رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرکے ان کی فی الفور گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو سخت ترین سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کسی کو ایسی مجرمانہ غفلت کی جرأت نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے حافظ آباد کے ہسپتال میں خراب انجکشن اور سیرپ کی سپلائی پر بھی فوری کارروائی کی ہدایت کی اور متعلقہ فیکٹریوں کے خلاف قانون کے تحت سخت ایکشن لینے اورمقدمہ درج کر کے مالکان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں صحت کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وہاڑی اور سرگودھا کے واقعات کے حوالے سے انکوائری کمیٹیوں کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا ایک ایک بچہ جان کی طرح عزیز ہے اور انہیں صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے کڑی سے کڑی سزا کے مستحق ہیں، عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے بھر کے ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز میں ادویات کی کمی کوفی الفورپوراکیا جائے اور ہسپتالوں میںصحت عامہ کی بہتری کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈاکٹروں، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کے حوالے سے پروگرام وضع کیا جائے۔ مشیر صحت، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام بھی باقاعدگی کے ساتھ ہسپتالوں کے دورے کرکے خود جائزہ لیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ایجنسی کے سربراہ ترک وزیراعظم کے مشیر کامل کولباس، قطر کے امیر کے خصوصی نمائندے، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ترکش ایجنسی کے سربراہ سے ملاقات میں تاریخی مقامات کی تزئین و آرائش اور فنی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان محبت، اخوت اور بھائی چارے کے لازوال رشتے قائم ہیں۔