انڈین پریمیئر لیگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سندر رامن کا بک میکرز سے رابطوں کا انکشاف
لاہور(نمائندہ سپورٹس)بھارت کی متنازعہ کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے حوالے سے فکسنگ اور بُک میکرز سے رابطوں کی خبریں ایک بار سامنے آرہی ہیں۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر سندر رامن کے بُک میکرز کے ساتھ رابطوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اُنہوں نے آئی پی ایل کے حالیہ سیزن میں بُک میکرز کو 350سے زیادہ فون کالز کی تھیں۔ اس حوالے سے بھارتی سٹریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ مکل مڈگا پینل کے سامنے بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے ایک سینئر آفیسر نے پینل کے سامنے گواہی دیتے ہوئے یہ شکایات بیان کی ہیں۔ تاہم معلوم ہوا کہ ان شکایات پر جب تحقیقات کی گئیں تو پینل کے اہم رُکن بی بی مشرا کے مطابق اُن کے سامنے سندر رامن اور بُک میکرز کے درمیان آٹھ فون کالز کا تبادلہ ہی ثابت ہوسکا ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے آئی سی سی کے سربراہ سری نواسن، سندرا رامن اور۔ گروناتھ میاپن کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ تاہم گذشتہ دنوں سری نواسن کے بارے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اُن کے فکسنگ میں ملوث ہونا ثابت نہیں ہوسکا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں سندرا رامن کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔