بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ : قومی ٹیم کل روانہ ہو گی‘ پی سی بی کا سٹیڈیم بنانے‘ کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کرنے کا اعلان
لاہور(نمائندہ سپورٹس) بلائند کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم کل جنوبی افریقہ روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔لاہور میں بلائنڈ ورلڈ کپ میں شرکت کرنیوالی قومی ٹیم کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر بلائندکرکٹرز کے جذبے کو بڑھانے کیلئے خصوصی طور پر تیار کیا جانیوالا نغمہ بھی دکھایا گیا۔بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بھی اپنی ٹیم سے ورلڈ کپ جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کی امید لگالی۔مہمان خصوصی پی سی بی کے چیئرمین شہریارنے بلائینڈ سٹیڈیم بنانے اوربلائنڈ کرکٹرز کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کرنے کا اعلان کیا۔چوتھا بلائنڈ ورلڈ کپ ستائیس نومبر سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، قومی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرکے ورلڈ کپ اپنے نام کرنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرسکتی ہے۔ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان مسلسل دو بار ورلڈ کپ جیت چکا ہے جب کہ بہت جلد ویمن کی بلائنڈ کرکٹ بھی شروع کی جائے گی۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹرز کے ملک کے مختلف شہروں میں گرائونڈز بنائے جائیں گے۔ بلائنڈ کرکٹرز کے لئے دنیا بھر میں ابھی تک کسی بھی ملک میں ایک بھی میدان نہیں ہے۔ اب تک کے تین بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں ایک جنوبی افریقہ اور دو پاکستان کے نام ہیں۔