• news

پاکستان ایٹمی قوت ہے، کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا: ڈاکٹر عبدالقدیر

لاہور (لیڈی رپورٹر) ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان وسائل سے مالامال ہے مگر یہاں نااہل اور بے ایمان حکمران آتے رہے جنہیں ملک کادرد ہے نہ آخرت کی فکر، طلبہ ملک میں رہ کراس کی خدمت کریں اور واٹس ایپ و فیس بک کے بانیان کی طرح نئے آئیڈیازکے ذریعے دنیا پر چھا جائیں۔ وہ گزشتہ روزیونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے دسویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ریکٹر ڈاکٹر حسن صہیب مراد، ڈائریکٹرجنرل عابد ایچ کے شیروانی، رجسٹرار انیسہ راحت،کنٹرولر امتحانات عمران زاہد و دیگرفیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر قدیرخان نے کہاکہ ہم اس ملک کو ایٹمی قوت بنانے میں کامیاب ہوئے اب پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھاکر کوئی نہیں دیکھ سکتا۔ میرے پاس بیرون ملک اعلیٰ نوکریاں تھیں لیکن جب ملک کو ضرورت پڑی تو سب چھوڑ چھاڑکروطن واپس آگیا۔ 15سال پہلے جب یو ایم ٹی کا سنگ بنیاد رکھنے آیاتھا تویہاں پر خالی زمین کے علاوہ کچھ نہیں تھا آج ایک دنیابس گئی ہے۔ ڈگریاں حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس موقع پر ایک ہزارسے زائدگریجویٹس کو ڈگریوں، گولڈ میڈلز اور سپیشل کیش پرائز سے نوازاگیاجس میں 141ایم بی اے812بی ایس،285ایم ایس اور ایم فل،2پی ایچ ڈی جبکہ 57گولڈ میڈلز اور ایک ایک لاکھ مالیت کے 11خصوصی ایوارڈز بھیجے دئیے گئے۔ بعدازاں ڈاکٹر اے کیوخان نے طلبہ میں ڈگریاں اورگولڈ میڈلز تقسیم کئے اور لاہور میں زیرتعمیر ڈاکٹراے کیو خان ہسپتال کو یوایم ٹی کے ساتھ منسلک کرنے کا اعلان کیا۔ ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹرحسن صہیب مراد نے کہا کہ اگراے کیوخان نہ ہوتے توآج ہم سکون وچین کی نیند نہیں سو سکتے تھے۔ کانووکیشن کے اختتام پر بعض طلبہ وطالبات نے گو نواز گوکے نعرے بلندکر دئیے۔

ای پیپر-دی نیشن