• news

بھارت میں دہشت گردی پاکستان سے ہوتی ہے: راج ناتھ

نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر داخلہ راج سنگھ ناتھ نے ایک مرتبہ پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت میں ہونیوالی دہشت گردی کو سپانسر کر رہا ہے اور اس نے انڈر ورلڈ ڈان دائود ابراہیم کو اپنے ہاں افغان سرحدی علاقے میں پناہ دے رکھی ہے۔ نئی دہلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے دوستانہ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے مگر ہمسایہ ملک اس میں دلچسپی نہیں رکھتا، بھارت میں ہونیوالی دہشت گردی یہاں کی پیدا کردہ نہیں ہوتی بلکہ پاکستان سے آتی ہے۔ آئی ایس آئی نان سٹیٹ ایکٹر کے طور پر دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ممبئی حملوں کے ملزموں کو سزا دینے کیلئے اقدامات نہیں کر رہا ہے اور اس کیس پر سماعت بہت سست روی سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستانی وزیراعظم نواز شریف وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے نئی دہلی آئے تھے تو نریندر مودی نے ان سے دائود ابراہیم کو بھارت کے حوالے کرنے کیلئے کہا تھا۔ انہوں نے کہا دائود ابراہیم کی حوالگی کیلئے ہم پاکستان پر سفارتی دبائو ڈال رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن