کشمیریوں کو پاکستان کی محبت نہیں ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے: مودی
سری نگر (آئی این پی+ نوائے وقت نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو پاکستان کی محبت کی نہیں بلکہ ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے،کشمیریوں کے آنسو پونچھنے کیلئے آیا ہوں،50 سال سے 2 خاندانوں نے کشمیر کو یرغمال بنائے رکھا اور دونوں مل کر اُسے لوٹتے رہے، بی جے پی تمام ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی،کشمیری نوجوانوں کو نوکریاں چاہئیں ،کرپشن کا خاتمہ کرونگا، جموں وکشمیر سے خاص محبت ہے۔ کشمیر کو دنیا میں آخری سیاحتی مقام بنا کر رہوں گا۔ کشمیری نوجوانوں کو نوکریاں چاہئیں، پینے کے پانی کی قلت کا کون ذمہ دار ہے۔ مودی نے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے دوران کشتواڑ میں بی جے پی کی انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس سے قبل مودی جموں ائیرپورٹ پر اترنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کشتواڑ پہنچے تھے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کے گئے تھے۔ یہاں اس لئے آیا ہوں تاکہ جو منصوبے اٹل بہاری واجپائی نے شروع کئے انہیں جاری رکھ سکوں۔ وادی میں اتنی بڑی پائپ لائن بچھائی جس میں فاروق عبداللہ گاڑی چلا سکتا ہے۔ مودی نے حالیہ سیلاب کے باعث تباہی پر عمر عبداللہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بھارتی وزیراعظم نے بالی ووڈ کو کشمیر تک واپس لانے کا وعدہ کیا۔ مودی نے لوگوں سے کہاکہ وہ الیکشن میں بی جے پی کے امیدوار کو ووٹ ڈالیں۔ حریت رہنماؤں کی طرف سے نام نہاد الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرنے اور شٹر ڈاؤن کی کال پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال کی گئی۔ الیکشن کا بائیکاٹ روکنے کیلئے گرفتاریاں جاری ہیں، 3نوجوانوں کی شہادت کے خلاف کئی شہروں میں ہڑتال اور احتجاج کیا گیا۔ علی گیلانی نے کہا کشمیری بھارت نواز سیاستدانوں کی دھوکہ دہی سے باز رہیں۔ آسیہ اندرابی نے کہا عوام انتخابی بائیکاٹ کرکے تحریک آزادی کیساتھ وفاداری کا ثبوت دیں۔