گوجرانوالہ جلسہ میں بدامنی پھیلانے کا منصوبہ ناکام، انڈے، ٹماٹر برآمد، 4 گرفتار
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+ بی بی سی) گوجرانوالہ میں انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے دوران بدامنی پھیلانے اور قائدین کو انڈے اور ٹماٹر مارنے کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان افراد کا تعلق مسلم لیگ ن سے بتایا جاتا ہے۔ انتظامیہ کو ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ شہر کے مرکزی علاقے نوشہرہ روڈ پر کچھ افراد نے ایک خاصی تعداد میں انڈے اور ٹماٹر اکٹھے کئے ہیں جو جناح سٹیڈیم میں تحریک انصاف کے جلسہ کے دوران عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر ارکان پر پھینکے جانے تھے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیے گئے انڈے اور ٹماٹروں کی تعداد ہزاروں میں تھی۔ اس کے علاوہ پرانے جوتے بھی قبضے میں لئے گئے ہیں۔ اس گرفتاری کے بعد حکمران جماعت کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس واقعہ کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ایک بیان سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ اگر جلسے میں بدامنی پھیلائی گئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر ہو گی۔ تحریک انصاف کے ہورڈنگ بورڈز پر مبینہ طور پر سیاہی ڈالنے والے لالو بٹ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ احمد پورہ کے رہائشی بلال عرف لالو بٹ کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے سیاہی سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ بلال کا کہنا ہے کہ کارکنوں نے مجھے صرف بٹ ہونے کے جرم میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ تصادم کے خدشہ کے پیش نظر پولیس حکام نے وفاقی وزیر خرم دستگیر خاں اور پومی بٹ کے دفاتر اور رہائش گاہوں کے باہر مسلح پولیس جوانوں کی نفری تعینات رہی۔ شہر میں مختلف جگہوں پر عمران خان کے استقبال کے لئے انڈے اور ٹماٹر بھی اکٹھے کئے جا رہے تھے لیکن بعد ازاں پولیس نے ریڈ کرکے لیگی کارکنوں سے انڈے ٹماٹر برآمد کرکے مسلم لیگ یوتھ کے ایک رہنما کو ان کے گھر میں نظر بند کر دیا۔