• news

لوڈ شیڈنگ جاری، گیس کی بھی قلت ، اسلام آباد میں احتجاج، لاٹھی چارج، شیلنگ سے کئی مظاہرین زخمی

لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ وقائع نگار) چھٹی کے باوجود لاہور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی جبکہ لاہور کے کئی علاقوں میں گیس کی شدید قلت رہی اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے۔ اسلام آباد میں گیس کی بندش کے خلاف سینکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی جس کے باعث کئی افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مختلف شہری علاقوں میں تین سے پانچ جبکہ دیہی علاقوں میں 6سے 8گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث بجلی کا شارٹ فال برقرار ہے جس کی وجہ سے گزشتہ روز بھی مختلف شہری علاقوں میں تین سے پانچ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ریکارڈ کی گئی جبکہ متعدد علاقوں میں مینٹی نینس کے بعد بھی ایک گھنٹہ کیلئے شٹ ڈائون رہا۔ علاوہ ازیں لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس کے ان مسائل میں اضافے نے شہریوں کو ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور کر دیا۔ سوئی ناردرن لاہور کی حدود میں صارفین کو صبح اور شام کے وقت گیس کی قلت کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں اقبال ٹائون (گلشن بلاک)، نیلم بلاک، مصری شاہ، سمن آباد، سیدپور جی ٹی روڈ، مغل پورہ، گڑھی شاہو، ٹھوکر نیاز بیگ، بند روڈ، جوہر ٹائون، باگڑیاں، گلدشتہ ٹائون، ائرپورٹ سے ملحقہ آبادیاں ٹائون شپ (کالج روڈ) سمیت دیگر علاقوں میں شہری گیس کی قلت سے پریشان ہیں۔ گھریلو خواتین نے کھانے پینے کیلئے ایل پی جی سلنڈروں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے گیس کی اس صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر اسلام آباد میں راول ڈیم اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے سینکڑوں شہری راول ڈیم میں جمع ہوئے اور مری روڈ کو بند کرکے حکومت کیخلاف سخت احتجاج کیا،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شہریوں پر شیلنگ شروع کی گئی لاٹھی چار ج اور شلینگ کی زد میں آکر متعدد مظاہرین زخمی بھی ہوئے بعدازاں مری روڈ پر ٹریفک بحال کر دی گئی کردی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راجہ ریاض احمد نے کی۔ چوک گھنٹہ گھر میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا شریف برادران نے اقتدار میں آنے سے قبل ملک میں بجلی و سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا 3 ماہ میں خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ وہ قوم کو بتائیں کہ انہوں نے جو وعدے کئے تھے کیا انہیں پورا کردیا گیا ہے۔ حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اگر وہ قوم کو ریلیف نہیں دے سکتے تو پیپلزپارٹی شریف برادران کی حکومت کا باجا بجانے والی ہے۔ ریلی ڈویژنل سیکرٹریٹ گرین ویو کالونی راجے والا سے شروع ہوئی، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جو نواز شریف اور شہباز شریف کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن