• news

سراج الحق کی قیادت میں وفد کی ملاقات‘ امہ کو غربت، کرپشن، ناانصافی کے خلاف مل کر جنگ لڑنا ہو گی: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی قیادت میں تین روزہ اجتماع میں شرکت کرنیوالے اسلامی ممالک سے آئے مندوبین کے وفد نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ شہباز شریف نے جماعت اسلامی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور اسلامی ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا لاہور میں ہونے والا تین روزہ اجتماع نظم وضبط اور بھائی چارے کا شاندار مظاہرہ تھا۔ اسلام کے سنہری اصول بھی ہم سب کو اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی درس دیتے ہیں اور آج ہمیں اسلام کے یہ سنہری اصول اپنی زندگیوں میں اپنا نے کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے اپنے فکر انگیز خطاب میں کہاکہ پاکستان کے قیام کا بنیادی مقصد یہاں مساوات اور منصفانہ نظام کا قیام ہے جہاں سب کو یکساں انصاف میسر آئے اور یہاں حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت کا وجود ہو۔ میں سمجھتا ہو ںکہ ہم سب مل کر اتحاد اور اتفاق کے ساتھ محنت، دیانتداری اور امانت کے ساتھ اس منزل کی طرف چلنا ہوگا اور یہی پیغام ہمارے قائدین نے دیا ہے۔ اُمت مسلمہ کو اتحاد اور اتفاق سے آگے بڑھانا ہوگا اور ناانصافی، کرپشن، جہالت کے خاتمے کیلئے ملکر جنگ کرنا ہوگی اور منصفانہ نظام کو رائج کرنے کیلئے محنت، دیانت اور عزم کیساتھ کام کرنا ہوگا۔ کاسا بلا نکاسے کوالالمپور تک 50 مسلم ممالک بیشمار نعمتوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں لیکن بدقسمتی سے اُمت مسلمہ آج بھی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے۔ ہمارے پاس گیس، تیل، زرخیز زمین اور قدرتی وسائل موجود ہیں لیکن آپس میں اتحاد اور اتفاق کی کمی کے باعث اُمت مسلمہ اقوام عالم میں بہت پیچھے ہیں۔ آج پوری اُمت مسلمہ باہمی تنازعات میں الجھی ہوئی ہے۔ مذہب کے نام پر فرقہ بندیاں پیدا ہوچکی ہیں۔ زبان، رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم درتقسیم ہو رہی ہے اور یہی اُمت مسلمہ کے زوال کا باعث ہے۔ اسلامک بلاک کو آج متحد ہونے کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی اور یہی وقت آپس کے اتحاد اور اتفاق ہے۔ محض بیانات سے اتحاد اور اتفاق کا عظیم کام پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ اس کیلئے عملی طو رپر اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے اسلامی ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پوری اُمت مسلمہ کو غربت، کرپشن، جہالت اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے میدان میں نکل کر جنگ لڑنا ہو گی۔ اگر ہم آپس میں دست و گریبان رہے تو اقوام عالم میں مقام حاصل نہیں کرسکیں گے۔ آج مغرب نے ہمارے سنہری اصول اپنائے ہیںجبکہ ہم انہیں فراموش کر چکے ہیں۔ اُمت مسلمہ کو اتحاد اور اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا اور ناانصافی، کرپشن اور جہالت کے خاتمے کیلئے ملکر جنگ کرنا ہوگی اور منصفانہ نظام کو رائج کرنے کیلئے محنت، دیانت اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ یہ وہ چیلنجز ہیں جن سے ہم سب کو ملکر نمٹنا ہے اور میں سمجھتا ہو ںکہ یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ غربت صرف روپے پیسے کی کمی کا نام نہیں بلکہ عزت اور احترام نہ ملنا بھی غربت ہی ہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے جس منظم طریقے سے تین روزہ اجتماع کا انعقاد کیا ہے۔ اس پر میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو مبارکباد دیتا ہوں اور پاکستان جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے اس تناظر میں جماعت اسلامی کے اجتماع میں جو مکالمے پڑھے گئے وہ حوصلہ افزا ہیں۔ ایسے وقت میں جب ملک کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے اس وقت یہ اجتماع ایک امید بھی دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کو دھرنے اور احتجاج کی سیاست سے پرہیز کرنا چاہئے۔ اگر احتجاج کرنا ہے تو قانون کے دائرے میں رہ کرنظم وضبط کے ساتھ ہونا چاہیے اور اس با ت کا خیال رکھنا چاہئے کہ قومی مفادات کو دھچکا نہ لگے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف اور انکی ٹیم کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے تین روز اجتماع کے حوالے سے ہر طرح کا تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجز کا واحد علاج اتحاد اور اتفاق ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کی مخالف قوتیں ہمیں جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن ہمارے پاس اﷲ تعالیٰ کی کتاب قرآن پاک کی صورت میں موجود ہے جوکہ امن کا درس دیتی ہے۔ ہم سب نے ملکر دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ہمارے مہمانوں کو عزت دی، اﷲ تعالیٰ انہیںبھی عزت دیں- تقریب سے لیاقت بلوچ اور اردن سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ہمام سعید نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر سنیٹر ساجد میر نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزررہا ہے۔ پاک افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسورکے خاتمے کیلئے امن کے دشمنوں کیخلاف برسرپیکار ہیں۔ پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کی لازوال قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ تیزرفتار ترقی اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سیاسی استحکام اور امن ناگزیر ہے۔ معاشرے میں امن، بھائی چارے، اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کیلئے علمائے کرام کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنے اورانتشار کی سیاست کرنیوالے اپنے منفی رویوں پر نظرثانی کریں۔ ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں رکاوٹیںپیدا کرنے کی سازشیں کرنیوالے پاکستان کے عوام کے ساتھ دشمنی کررہے ہیں۔ دھرنے والوں نے سیلاب میں گھرے بہن بھایئوں کی مدد کرنے کی بجائے سرمایہ بے مقصد دھرنوں پر ضائع کیا اورمشکل میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ بے حسی کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے پاکستان ٹیلیویژن کے سابق کرنٹ افیئر کے انچارج افتخار مجاز اور معروف شاعر و دانشور اعزاز احمد آذر کے بڑے بھائی سابق بیوروکریٹ ڈاکٹر اعجاز خالد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن