• news

سراج الحق نے جماعت اسلامی میں نئی روح پھونکی، 25 دسمبر کو مزار قائد پر جلسے کا اعلان

لاہور (تجزیہ: سید عدنان فاروق) سراج الحق کی جانب سے امارت سنبھالنے کے صرف 6 ماہ بعد مینار پاکستان کے وسیع و عریض سبزہ زار میں جماعت اسلامی کے بھرپور اجتماع اور سیاسی قوت کے اظہار نے جماعت میں نئی روح پھونک دی ہے۔ جماعت اسلامی کے ذمہ داروں نے اجتماع کی کامیابی کے ماضی کے مقابلے میں محنت زیادہ کی تاہم لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت میں بڑا عمل دخل سراج الحق کی متحرک شخصیت بھی ہے۔ اجتماع میں شریک حاضرین کے جوش و جذبہ نے جماعت اسلامی کو اس دبائو سے یقیناً نکالا ہے جو 2013ء کے عام انتخابات میں ناکامی کے نتیجہ سے پیدا ہوا تھا۔ جماعت کی قیادت کے طرز عمل سے واضح ہو رہا ہے کہ وہ خم ٹھونک کر میدان میں آگئی ہے، اسی سوچ کے باعث سراج الحق نے آئندہ ماہ 25 دسمبر کو کراچی میں مزار بانی پاکستان کے بڑے اجتماع کا اعلان کیا ہے۔ اس اجتماع میں جماعت اسلامی کی ایک اور مثبت بات سامنے آئی کہ ماضی کے اجتماعات کی نسبت تین روزہ اجتماع میں 60 فیصد سے زائد نوجوان جبکہ 45 ہزار سے زائد خواتین بھی اجتماع میں شریک تھیں۔ جماعت اسلامی کے چھ سال قبل ہونے والے اجتماع میں 25 ہزار ارکان موجود تھے جو بڑھ کر 35 ہزار تک پہنچ گئے۔ اجتماع میں جماعت اسلامی قیادت نے ان قوتوں کو بھی پیغام دیا کہ مضبوط اور مستحکم جمہوریت ہی استحکام پاکستان کی ضامن ہے، کوئی غیرآئینی اقدام کا نہ سوچے، مضبوط جموریت ہی میںملکی مسائل کا حل ہے۔ نیا پاکستان کے نعرے کی غیرمحسوس انداز میں مسترد کرکے نظریہ پاکستان کے جذبہ کو زندہ کرنے کی ضرورت زور دیا۔ یہ رائے دی جا رہی ہے کہ سراج الحق کے اعلانات بظاہر خوبصورت ہیں لوگوں کو متوجہ بھی کررہے ہیں تاہم اس پر عملدرآمد کرنا یقیناً مشکل ہو گا۔ اگرجماعت کا اقتدار ملا تو اصل آزمائش اعلانات پر عملدرآمد ہی ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن