• news

چھوٹے صوبوں کو عزت نہیں دی جا رہی، میرے وارنٹ گرفتاری نکالنا ثبوت ہے: پرویز خٹک

لاہور ( این این آئی) خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کو عزت نہیں دی جارہی اور میرے خلاف مقدمے کا اندراج اور وارنٹ گرفتاری نکالنا اسکا ثبوت ہے ، حکمرانوں کو ملک کا کوئی غم نہیں اور اس طرح کے اقدامات پاکستان کو توڑنے کے مترادف ہے ،ہمیں شیخ رشید نہیں عمران خان کی سننی ہے جن کا کہنا ہے کہ 30 نومبر کے جلسے میں کوئی تشدد نہیں ہوگا ۔ جماعت اسلامی کے مینار پاکستان اجتماع میں شرکت کے بعد گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے 30نومبر کو پر امن جلسے کی کال دی گئی ہے جس میں آئندہ کے لائحہ کا اعلان کیا جائیگا ۔یہ جلسہ مکمل طو رپر پر امن اور آئین کے اندر رہ کر ہوگا اور اگر انتشار پھیلا تو وہ حکومت کی جانب سے ہوگا اورحکومت جتنا ظلم اور تشدد کریگی اتنی ہی آگ بھڑکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر دہشت گردی کے مقدمات درج کر ادئیے گئے جبکہ وزیر اعظم ‘ وزیر داخلہ سمیت دوسرے لوگوں پر بھی قتل کے مقدمات ہیں لیکن ہمارے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوگئے مجھے سمجھ نہیں آتی یہ کیسا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم رواں سال اپریل میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار تھے لیکن پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کی حلقہ بندیوں میں دھاندلیوں کی وجہ سے سپریم کورٹ کا حکم آ گیا جس کی وجہ سے ہم بھی اس میں پھنس گئے۔ امید ہے کہ خیبر پختوانخواہ میں آئندہ سال مارچ یا اپریل تک انتخابات ہو جائینگے۔
پرویز خٹک

ای پیپر-دی نیشن