• news

چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ آسان نہیں، اچھا کھیلیں گے: شہناز شیخ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ آسان نہیں ہے اس کے باوجود پہلی چار ٹیموں میں آنے کا ہدف ہے۔ کھلاڑی ایک سال سے یورپی ٹیموں کے خلاف نہیں کھیلے ہیں اس کی وجہ سے تھوڑا بہت پریشر ہے اس کے باوجود اچھے نتائج دینے کی کوشش کرینگے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں موجود تمام کھلاڑی پوری لگن کے ساتھ بھارت میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ سینئر کھلاڑی بھی موجود ہیں جن سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔ یورپی ٹیمیں پریشر والی گیم کھیلتی ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ حریف ٹیموں کے خلاف اٹیکنگ ہاکی کا مظاہرہ کریں۔ ایک ماہ کے تربیتی کیمپ میں زیادہ تر کھلاڑیوں نے 10 نومبر کو رپورٹ کی ہے اس کے باوجود کہ بعض کھلاڑی بیرون ملک اپنی مصروفیت کے کیمپ میں لیٹ آئے ہیں میں پر امید ہوں کہ قومی ٹیم اچھا رزلٹ دے گی۔ اگر ہم پہلی چار ٹیموں میں آ جاتے ہیں تو اس کا فائدہ ہماری انٹرنیشنل رینکنگ پر پر ہوگا۔ دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ پاکستان ٹیم اگلی چیمپیئنز ٹرافی کےلیے براہ راست کوالیفائی کر جائے گی۔ ایشین گیمز میں سلور میڈل جیتنے کے باوجود قومی ٹیم کی وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات نہ ہونے اور کوریا کا دورہ منسوخ ہونے کی بنا پر مایوسی کا شکار ہیں اس کے باوجود پرعزم ہیں کہ چیمپیئنز ٹرافی میں ملک و قوم کے لیے اچھے نتائج دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کیمپ کا اختتام 28 نومبر کو ہوگا جبکہ پاکستان ٹیم یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہو جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن