• news

عقیل خان نے حسن طارق رحیم ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان نمبرون عقیل خان نے ہیرا عاشق کو شکست دیکر حسن طارق رحیم ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کا سنگل ٹائٹل جیت لیا۔ جمخانہ کلب کے ہارڈ کورٹ پر کھیلے گئے فائنل معرکے میں عقیل خان اور ہیرا عاشق کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پہلے سیٹ کی ابتدائی دو گیمز میں عقیل خان نے کامیابی حاصل کی تاہم ہیرا عاشق نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے برتری ختم کردی، آخری چار گیمز میں عقیل خان نے فتح حاصل کی اور ہیرا عاشق صرف دو گیمز جیت سکے، پہلے سیٹ میں چھ چار سے کامیابی کے بعد میچ کا دوسرا سیٹ آخری سیٹ ثابت ہوا جس میں عقیل خان نے ہیرا عاشق کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے چھ دو سے کامیابی حاصل کرکے ماسٹرزٹینس ٹورنامنٹ کا سنگل ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ عقیل خان قومی نمبرون کی رینکنگ بھی برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ ٹائٹل جیتنے پر انہیں ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا گیا اور رنراپ رہنے پر ہیرا عاشق کے حصے میں پچاس ہزار روپے کا انعام آیا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ٹینس فیڈریشن کی صدارت کے امیدوار سلیم سیف اﷲ اور طارق رحیم تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

ای پیپر-دی نیشن