عوام انتشار کی سیاست سے تنگ آ چکے‘ ترقی اور خوشحالی کا سفر مکمل کرینگے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج نے ملک کی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا۔ ضد اور ذاتی انا کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں۔ عوام انتشار کی سیاست کرنیوالوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ وزیر اعظم کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کا سفر مکمل کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز بلوچستان سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی کی ماڈل ٹائون میں انکی رہائشگاہ پر ملاقات میں کیا۔ حاجی میر لشکری رئیسانی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بلوچستان کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ دھرنوں کے ذریعے ملک وقوم کے ساتھ وہ ظلم کیا گیا جو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا۔ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور ہم نے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈال کر ملک دشمنی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ذاتی مفادات ملکی مفادات کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔ ضد اور ذاتی انا کی سیاست کسی بھی صورت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ عوام انتشار کی سیاست کرنے والوں کے منفی طرز عمل سے تنگ آ چکے ہیں۔ دھرنے دینے والوں کو اپنے منفی طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کو اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے وہاں انتشار یا دھرنا سیاست کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو عوام نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ عوام کے مسائل کے حل اور ان کی خدمت کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔