• news

اشتعال انگیز تقریر‘ بغاوت کا الزام‘ ننکانہ کی عدالت نے شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا

ننکانہ صاحب+ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب رانا نثار احمد کی عدالت میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ میں اشتعال انگیز تقریر، حکومت اور ریاست کے خلاف بغاوت کے الزام میں دائر رٹ پٹیشن پر پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب کو قانون کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔ شیخ رشید احمد کے خلاف رٹ پٹیشن سانگلہ ہل کے رہائشی مسلم لیگ یوتھ ونگ ضلع ننکانہ صاحب کے صدر چوہدری امتیاز احمد کاہلوں نے اپنے وکیل میاں لیاقت علی کی وساطت سے دائر کر رکھی تھی۔ رٹ پٹیشن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 12نومبر کو گورنمنٹ گورونانک ہائی سکول ننکانہ صاحب میں تحریک انصاف کا جلسہ ہوا جس میں شیخ رشید احمد نے اپنی تقریر میںجلائو، گھیرائو، مرو، مارو کا حکم دے کر عوام میں انتشار پھیلایا اور لوگوں کو خانہ جنگی کی طرف راغب کر کے حکومت اور ملک کے خلاف بغاوت کی ہے لہٰذا شیخ رشید احمد کے خلا ف مقدمہ درج کیا جائے عدالت میں پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب کے اے ایس آئی ملازم حسین نے ایس ایچ او کی طرف سے کمینٹس پیش کئے کہ مذکورہ درخواست قانونی کارروائی کے لئے پولیس نے لیگل برانچ میں بھجوادی ہے جونہی لیگل برانچ کی طرف سے قانونی رائے آئی اسکے مطابق کارروائی کی جائیگی، عدالت نے پولیس کو قانونی رائے کے بعد کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایچ او سٹی ننکانہ ظفر فرید نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مقدمہ کے اندراج کی درخواست ڈی ایس پی لیگل کو رائے کیلئے بھجوائی ہے۔ ڈی ایس پی لیگل کی رائے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسے حساس مقدمات کو درج کرنے سے پہلے مکمل قانونی مشاورت کی جاتی ہے جو ایک دو روز میں متوقع ہے۔ دوسری جانب شیخ رشید نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقدمات درج ہوتے رہیں گے۔ شیخ رشید 18 کروڑ عوام کی آواز ہے۔ مقدمے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کروں گا۔ اگر گرفتار کیا گیا تو خوشی خوشی ’’سسرال‘‘ جائوں گا جنہوں نے گوالمنڈی میں تقریر کی تھی وہ کس قانون کے تحت کی تھی۔ مقدمے سے نہیں ڈرتا‘ جو ڈر گیا وہ مرگیا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے گرفتار کرلیں بڑا عرصہ ہوگیا سسرال گئے ہوئے۔ ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے کہا جلائو گھیرائو ان کی پالیسی نہیں ہے، میری اپنی پارٹی ہے اور تحریک انصاف کا اتحادی ہوں، میں صرف عمران کوجانتا ہوں، تحریک انصاف سے میراکوئی تعلق نہیں۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلے تو ملک کی خاطر کنستر کاٹ دو۔ مرنے مارنے کا مطلب چھرا مارنا نہیں۔ چودھری نثار کبھی وکٹ کی ایک طرف کبھی دوسری طرف کھیلتے ہیں، غریب کے پاس بھوکا رہنے، ٹی وی دیکھنے کے علاوہ کوئی نوکری نہیں۔ تمام پارلیمانی لیڈروں نے الیکشن کو کرپٹ قرار دیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اپنا وعدہ نبھانا چاہئے۔ نواز شریف کے نیچے سے قالین کھسک گیا ہے۔ سکولوں میں بچے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ عوام کی آواز نہ سنی گئی تو انتہاپسندی بڑھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن