نئے صوبے وقت کی ضرورت ہے، غور کیلئے کمشن بنایا جائے: وفاقی وزیر مذہبی امور
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی کمشن قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں، جہاں ضرورت ہے آئینی جمہوری طریقے سے صوبے بننے چاہئیں۔ کیپٹن صفدر اور ہزارہ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ صوبوں کو بنانے کے لیے قومی کمشن قائم کیا جانا چاہیے جو جائزہ لے کہ آئین اور قانون کے مطابق کون سے صوبے بننے چاہئیں۔ ہزارہ پہلے بھی صوبہ رہا ہے، انتظامی بنیاد پر صوبہ ہزارہ بننا چاہیے۔ صوبہ ہزارہ پر تمام جماعتیں متفق ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم 29نومبر کو حویلیاں میں ایکسپریس وے کا افتتاح کررہے ہیں جس سے ہزارہ کے عوام کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔ پہلے مرحلہ میں حسن ابدال سے حویلیاں تک 60کلومیٹر کے اس منصوبہ پر 33ارب روپے لاگت آئے گی، وزیراعظم نے اس منصوبہ کو 16ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سردار یوسف نے کہا کہ ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے والے پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی ناکام ہوں گے۔