• news

کنٹینر والے کے حصہ میں ناچ گانے کے سوا کچھ نہیں آئیگا: عابد شیر علی

بچیانہ+ جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کنٹینر والے حکومت کی ہر اچھی بات کا کریڈٹ خود لینا چاہتے ہیں حالانکہ ان کے حصہ میں ناچ گانے اور شور مچانے کے علاوہ کچھ نہیں آئیگا، دھرنوں سے (ن) لیگ کا نہیں، ملک کا نقصان ہو ا، چینی صدر کے دورہ کی منسوخی سے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، بچیانہ کے نواحی گائوں چک 571گ۔ب کندیاں میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اْنہوں نے کہا کہ دھرنوں والے چاہتے ہیں کہ پاکستان خوشحالی اور روشنیوں کی طرف نہ جائے۔ مئی 2015 ء تک مزید تین سے چار ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی اور اس سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔ سابق دور حکومت میں بیس سے بائیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی مگر حکومت نے اب ٹیکسٹائل سیکٹر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔ (ق) لیگ اور پیپلز پارٹی کے دس سالہ دور حکومت میں بجلی پیدا کرنے کا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔پی ٹی آئی کے رہنماء جہانگیر ترین پر تنقید کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ یہ شخص’ کھان پین ترین ‘ہے اور خیبر پی کے صوبہ کا ٹھیکہ اسے دے دیا گیا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں شیخ رشید نے ریلوے کے ناقص انجن خرید کر اربوں روپے کمیشن بنائی۔ ہم چاہیں تو شیخ رشید جیسی بلیوں کو لال حویلی سے باہر نہ آنے دیں، دھرنوں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ عمران خان چاہتے ہیں پاکستان میں دہشت گردی جاری رہے۔ ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہاکہ علامہ طاہر القادری نے دو تہائی اکثریت دلانے کی بات کرکے جمہوری رویہ اپنایا ہے جو اچھی بات ہے۔ عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت کا منشور پاکستان کو روشن و خوشحال بنانا ہے، موجودہ حکومت نے بھاشا ڈیم داسو ڈیم اور نیلم جہلم ہائیڈرو پرجیکٹ پر کام کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو مداریوں کی سرکس ہوگی ہم پاکستان میں افراتفری کی سیاست کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی محمد طلال چودھری نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں لیکن وزیر اعظم نے جو عوام سے وعدے کئے تھے وہ پورے کئے جارہے ہیں اب موٹروے جو لاہور سے کراچی جائیگی وہ یہاں سے گزر کر جائیگی جس سے اس علاقے میں ترقی کے نئے راستے کھلے گے۔ ریکارڈ مدت میں کام مکمل ہونے پر وزیر مملکت نے گرڈ پر کام کرنے والے فیسکو ملازمین کی بونس دینے کا بھی اعلان بھی کیا۔ افتتاح کے موقع پر ملک شاہد اقبال اعوان، معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حیدر صلاح الدین، ایم پی اے طاہر جمیل اور فیسکو کے چیف رشید اسلم گجر موجود تھے۔ علاوہ ازیں افتتاحی تقریب کے اختتام پر جب وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی جانے لگے تو لوگوں نے طلال بدر چودھری کو گھیر لیا اور گو نواز گو طلال گو کے نعرے لگانے شروع کر دئیے۔

ای پیپر-دی نیشن