• news

تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کی دعوت مل گئی، مشاورت سے فیصلہ ہو گا: طاہر القادری

بھکر+ دلے والا+ دریا خان+ لاہور (نامہ نگاران+ خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ غریبوں اور مظلوموں کی عزت کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دوں گا۔ ہم سب کو یکجا ہو کر موجودہ نظام سے لڑنا ہو گا اور ظلم کے ایوانوں کو گرانا ہو گا، ایسے نظام پر کروڑ بار لعنت جس میں غریب کے بچے کے قتل پر پرچہ درج نہ ہو، غریب کے بچے بھوکے مریں اور امیروں کے گھوڑے اور کتے کروڑوں کا بجٹ کھائیں۔ میری جنگ کسی ایک شخص یا ادارے سے نہیں بلکہ موجودہ نظام سے ہے، عوامی تحریک 20کروڑ پاکستانی عوام کو شعور دے رہی ہے۔ انہوں نے میاں برادران کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ غریب کے بچے ستھرا پانی نہ ملنے، ہسپتال میں دوائی نہ ملنے سے مر جاتے ہیں لیکن تمہارے سروں پر سے جوں تک نہیں رینگتی اور تمہارے کتے بھی کروڑوں کے بجٹ کے ساتھ پلتے ہیں۔ اب چند جاگیرداروں، وڈیروں اور حرام خوروں کے قبضے میں پورا ملک ہے، ملک پر چند خاندانوں کی حکمرانی ہے جو عوامی حقوق سے کھیل رہے ہیں، غریب عوام اس ملک میں اس طرح رہ رہے ہیں جیسے وہ اس ملک میں اجنبی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ 1970ء سے لے کر آج دن تک 40سال گزر جانے کے باوجود غریب کو اس کے بنیادی حقوق تک نہیں دئیے گئے، غریب کو صرف اور صرف ووٹ دینے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دلے والا میں دئیے جانے والے دھرنے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا چاہے عوام میرا ساتھ دے یا نہ دے لیکن ان کے حقوق کی جنگ میں آخری سانس تک لڑتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ دوتہائی اکثریت ملی اور اقتدار میں آئینگے تو عوام کو پہلے بجلی، گیس، پانی کے بل آدھے ملیں گے، پی ٹی آئی کے 30نومبر کے جلسے میں شرکت کی دعوت مل گئی ہے۔ فیصلہ عوامی تحریک کے قائدین کے مشورے سے کرینگے، تحریک انصاف کے رہنما رابطے میں ہیں، اختلاف کی خبریں سازشی عناصر کے ذہنوں کی پیداوار ہیں۔ اقتدار کا لالچ نہیں، عوام کیلئے مارا مارا پھر رہا ہوں۔ دلے والا جناح روڈ پر عوامی تحریک کے دھرنے میں ڈاکٹر طاہر القادری جب سٹیج پر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، سہارے کے ساتھ ڈاکٹر طاہر القادری سٹیج پر آئے، سٹیج پر ہی دو رکعت نماز ظہر ادا کی پھر قومی ترانہ ہوا اس کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں طبیعت خراب ہونے کے باوجود ریگزاروں میں تھل کے ٹیلوں پر مارا مارا پھر رہا ہوں، صرف آپ غریب لوگوں کے لئے، مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے میں دولت و سلطنت کو پائوں کی ٹھوکر پر رکھتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوامی تحریک جب اقتدار میں آئے گی تو پہلے ہی ماہ کے بل آدھے ہو جائیں گے، آدھا بل حکومت دے گی جبکہ 90دن کے اندر آٹا، دال، گھی، آئل اور دوسری اشیا خوردونوش آدھی قیمت پر مہیا کی جائے گی جبکہ ہم اقتدار میں آکر بھکر میں ہائی کورٹ بنائیں گے، سرگودھا میں سپریم کورٹ کا قیام ہو گا، آپ کو لاہور، اسلام آباد نہیں جانے دیا جائے گا۔ ضلعی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ یونین کونسل کی سطح پر حکومتیں بنائی جائیں گی جس طرح کا نظام میں نے پوری دنیا میں دیکھا ہے اسی طرح کا نظام لایا جائے گا، میں تو پورے نظام کے خلاف ہوں، شریفوں، زرداریوں کے کتے اور گھوڑے عیش و عشرت میں ہیں اور یہاں غریب آدمی کے پاس کھانے کے لئے لقمہ نہیں، پہننے کے لئے جوتا نہیں ہے۔ میں چاہتا ہوں انقلاب کی طاقت یکجا رہے۔ انقلاب مارچ نے سوئے ہوئے لوگوں کو بیدار کیا ہے۔ اس نظام نے 12 گھنٹے گولیاں چلا کر 14 افراد کو شہید اور 90 کو زخمی کیا، آپ میرا ساتھ نہ دیں میں پھر بھی آپ کی جنگ لڑوں گا۔ سرگودھا میں علاج نہ ہونے پر بچے مر گئے، گھر بیٹھے رہنے سے حق نہیں ملتا۔ طاہر القادری نے کہا کہ 30 نومبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے جلسے میں شرکت کی دعوت مل گئی ہے شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ عوامی تحریک کے قائدین سے مشاورت کے بعد کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے سفر میں ٹوٹے راستے اور جھگیاں دیکھیں، میں پوچھتا ہوں لاہور اسلام آباد کے حکمرانوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا یہاں انسان نہیں بستے؟ میں شدید علیل ہوں، پوری دنیا میں موجود مجھ سے پیار کرنے والے ڈاکٹرز آرام کا مشورہ دے رہے ہیں، مگر میرا دل غریب عوام کے دکھ درد کی آگ میں جل رہا ہے، یہ جنگ جو کمزوروں نے طاقتوروں کے خلاف شروع کی ہے اسے منطقی انجام تک پہنچائوں گا۔ طاہر القادری جنوبی پنجاب کے غریب عوام کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ یہاں کے غریب عوام کو ہانکا جارہا ہے، انہیں یہ بھی پتہ نہیں ہوتا کہ وہ جسے ووٹ کی پرچی دے رہے ہیں وہ لاہور اور اسلام آباد جا کرکیا کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن