توبہ و استغفار کیساتھ دین کے تعلق کو عام کرنے کی تحریک برپا کرینگے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے مکہ مکرمہ اور مد ینہ منورہ میں مقیم کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مینار پاکستان کے کامیاب اجتماع عام پر حرمین شریفین میں تشکر کے نوافل ادا کریں۔ منصورہ میں جائزہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی تنظیم اور ٹیم ورک نے لاکھوں لوگوں کیلئے انتظامات کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ اجتماع میں خواتین کی غیر معمولی حاضری نے ثابت کر دیا ہے کہ جماعت کا حلقہ خواتین مردانہ نظم سے بھی زیادہ پرجوش اور فعال ہے۔ اسی طر ح طلبہ، نوجوانوں اور سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کی کامیاب شرکت سے بھی جماعت اسلامی روشن مستقبل کی ضمانت بن گئی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اپنے تربیتی نظام کو وسعت دے گی اور توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ دین کے ساتھ تعلق کو عوام میں عام کرنے کی تحریک برپا کرے گی۔ سراج الحق نے اجتماع عام کے شرکاء کی تین دن تک بہترین میز بانی پر اہل لاہور کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا زندہ دلان لاہور نے ملک کے کونے کونے سے آنے والے لاکھوں بہن بھائیوں کو خصوصی مہمانوں کی حیثیت دی اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا احساس نہیں ہونے دیا۔ اہل لاہور نے اجتماع عام میں آنے والوں کی مہمان نوازی کرکے تحریک پاکستان 1940کے وقت کی یاد تازہ کردی ہے۔