عمران خان کا 30 نومبر کا شو بھی ناکام ہو جائیگا: حمزہ شہباز
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کے رکن حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے نواز شریف حکومت کو غیر جمہوری طریقے سے گرانے کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے جس طرح 14 اگست کو عوام نے آزادی و انقلاب مارچ کے غبارے سے ہوا نکال دی اسی طرح 30 نومبر کو عمران خان کا شو ناکام ہو جائے گا۔ ڈی چوک میں عمران خان کا دھرنا ناکام ہو چکا ہے اب وہ ریاستی اداروں پر ہلہ بولنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں لیکن ان کو اس کوشش میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے یہ بات نوائے وقت کو لاہور میں انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلے 18 ماہ سے توانائی کے بحران اور دہشت گردی کے خاتمے پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے ان شاء اللہ رواں مالی سال کے اختتام پر نیشنل گرڈ میں 2400 میگاواٹ سے زائد بجلی شامل ہونے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش اس لئے کی گئی کہ حکومت اپنے میگا ترقیاتی پراجیکٹس کو مکمل نہ کر سکے‘ اسلام آباد میں دھرنوں سے میٹرو پراجیکٹ کی تعمیر تاخیر کا شکار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ’’مارو مر جاؤ اور گھیراؤ جلاؤ‘‘ کی سیاست کو مسترد کر دیں گے‘ دھرنا سیاست نے پاکستان کی معاشی ترقی کو شدید نقصان پہنچایا اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان کی ترقی کا پہیہ رک سکتا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا‘ ضلعی سطح پر پارٹی کنونشن منعقد کئے جائیں گے‘ قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے گا اور انہیں پارٹی میں بلند مقام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے ووٹ سے قائم ہوئی ہے اسے ووٹ کی پرچی سے ہی شکست دی جا سکتی ہے‘ ہجوم اکٹھا کر کے حکومتیں گرانے کی روش سے جمہوری نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔