• news

اقتصادی پالیسی سے اشارئیے بہتر ہوئے، دھرنوں نے معیشت کو نقصان پہنچایا: اسحاق ڈار

لندن/ اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسی میں تسلسل کے نتیجے میں تقریباً تمام اقتصادی اعشارئیے بہتر ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں دو سیاسی دھرنوں کی وجہ سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا‘ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا زرمبادلہ کے ذخائر میں بنیادی کردار ہے‘ حکومت نے 31 دسمبر تک زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم کررکھا ہے‘ ابوظہبی اور دبئی میں اسلامی سکوک بانڈز کو بہتر رسپانس ملا جبکہ لندن میں بھی رسپانس مثبت ہے۔ وہ گزشتہ روز سکوک بانڈز کی نیلامی کے حوالے سے سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ گزشتہ روز ایک ارب ڈالر کے اسلامی سکوک بانڈز کی نیلامی کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں پیر کے روز ابوظہبی اور دبئی میں اس حوالے سے سرمایہ کاری کانفرنسیں منعقد ہوئی تھیں۔ وزیر خزانہ نے لندن میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی اور دبئی میں سرمایہ کاروں نے اسلامی سکوک بانڈز کے حوالے سے زبردست رسپانس دیا جبکہ لندن میں بھی مثبت رسپانس ملا ہے۔ مزید برآں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یورو بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے ملاقات کی اور معاشی اصلاحات کے حوالے سے کوششوں پر سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسحاق ڈار نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کو اپریل میں یورو بانڈز کے اجرا کے بعد سے پاکستان کی معاشی حالت کے بارے میں آگاہ کیا۔ حکومت بہت جلد اسلامی بانڈز کا اجرا کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن