تھر کے مکینوں کو صاف پانی ملا نہ امداد‘ سندھ حکومت نے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے: سیشن جج عمر کوٹ کی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع
کراچی (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) تھرکے حوالے سے سیشن جج عمر کوٹ نے سندھ ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے تھرپارکر میں قحط سالی سے نمٹنے اور متاثرین کی مدد کے لئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے۔ ڈاکٹروں کی آسامیاں تاحال خالی ہیں۔ متاثرین کو امدادی رقم فراہم نہیں کی گئی۔ پینے کا صاف پانی بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ قحط زدہ علاقوں میں بنیادی صحت کے 29 مراکز میں 18 ناکارہ ہیں۔ عمر کوٹ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 154 افراد کا انتقال ہوا۔ انتقال کر جانے والوں میں 5 سال سے کم عمر کے 35 بچے بھی شامل ہیں۔ عمر کوٹ ہسپتال میں میڈیکل افسران کی شدید کمی ہے۔ میڈیکل سرجن، گائناکالوجسٹ اور چائلڈ سپیشلسٹ کی کئی آسامیاں خالی ہیں۔ منظور شدہ 401 آسامیوں میں سے 271 تاحال خالی ہیں۔