• news

عمران چیف الیکشن کمشنر بن کر منصفانہ الیکشن کرا دیں: خورشید شاہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو نیا چیف الیکشن کمشنر بنانے کو تیار ہیں۔ عمران چیف الیکشن کمشنر بن کر آزادانہ منصفانہ الیکشن کرا دیں۔ موجودہ صورتحال کا حل یہی ہے کہ عمران خان کو چیف الیکشن کمشنر بنا دیا جائے آئین میں ترمیم کر کے عمران خان کو ہی چیف الیکشن کمشنر بنا دیتے ہیں۔ پھر عمران خان چاہے وزیراعظم بنیں یا اپوزیشن لیڈر بن جائیں۔خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ چند روز میں حل کرلیا جائیگا۔ وزیراعظم کے دورہ نیپال سے واپسی کے بعد ان سے ملاقات کرکے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے مشاورت کی جائیگی۔ سب کو پتہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں کس نے رکاوٹ ڈالی ہے۔ عمران خان ایک جانب کسی کی بھی شخص کی تعریف کرتے ہیں تو دوسرے دن اس شخص کی برائی کرنا شروع کردیتے ہیں۔ فخر الدین جی ابراہیم کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کا نام بھی انہوں نے پیش کیا بعد میں ان پر دھاندلی کے الزامات عائد کئے۔ حکومت اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تصدق جیلانی کو چیف الیکشن کمشنر نامزد کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا تھا۔ جب ان کا نام سامنے آیا تو عمران خان نے ان پر بھی الزامات عائد کرنا شروع کردیئے، پہلے جب وہ چیف جسٹس کے عہدے پر تھے تو عمران خان ان کی ایمانداری کا برملا اظہار کرتے تھے۔ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) یا حکومت کا ساتھ نہیں دے رہی۔ ہم سسٹم کو بچانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ اگر سسٹم ڈی ریل ہوا تو ملک کی بقاء خطرے میں پڑ جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن