کراچی: فائرنگ کے واقعات، تھانیدار سمیت 4 افراد جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں تھانیدار سمیت چار افراد ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے بجلی نگر میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیس کے اے ایس آئی امیر خان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ واقعہ بدھ کی شام اس وقت ہوا جب اے ایس آئی امیر خان اپنے گھر کے سامنے کھڑا ہوا تھا مقتول کچھ عرصہ قبل مومن آباد تھانے میں انٹیلی جنس ڈیوٹی پر مامور تھا جبکہ ان دنوں اورنگی ٹائون تھانے میں تعینات تھا قبل ازیں ناظم آباد نمبر ایک میں مسلح افراد نے ایک اسٹیٹ ایجنسی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پراپرٹی ڈیلر مختار علی ہلاک ہوگیا۔ ادھر بن قاسم کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں ہندو نوجوان 20 سالہ پریم ہلاک ہوگیا جبکہ منگھوپیر کے علاقے مائی گاڑھی میں ایک شخص کی نعش ملی جسے تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً35 سال تھی اور اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ اس کے علاوہ سمن آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاوید حسین نارتھ کراچی میں سلیم شریف، بنارس میں شیراز زخمی ہوگیا۔