باشعور عوام ابن الوقت سیاستدانوں کے جھانسے میں نہیں آئینگے: عابد شیر علی
فیصل آباد+ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ثناء نیوز) عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا مسلم لیگ (ن) کا طرۂ امتیاز ہے۔ حکومتی وزراء اور اراکین اسمبلی لوگوں کے مسائل حل کرنے میں شب و روز کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت پانی و بجلی چودھری عابد شیرعلی نے محلہ سانگلہ سمن آباد میں کھلی کچہری میں کیا۔ عابد شیرعلی نے کہا کہ ناکام سیاسی پنڈت سیاست میں زندہ رہنے کیلئے حکومت کی توجہ عوامی مسائل سے ہٹانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں مگر باشعور عوام ان ابن الوقت سیاست دانوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور میاں نواز شریف کا ہاتھ مضبوط کریں گے۔ چند سیاسی عناصر ملک کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کے دعویداروں نے صوبہ خیبر پی کے میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، بھتہ خوری میں 90 فیصد، ڈکیتیاں 60 فیصد اور دہشت گردی 30 فیصد بڑھ گئی ہے، 18 ماہ میں400 سو سے زائد کارخانے بند ہو گئے ہیں، تحریک انصاف کے دور میں پختون قوم کا استحصال کیا جا رہا ہے، 1990ء میں ایک بنک کی ملازمت کرنے والے عمران خان آج جاگیردار اور صنعتکار کو خیبر پی کے حکومت کے ذریعے ٹھیکے دیکر مالی فوائد پہنچا رہے ہیں اسی کے جہاز میں بیٹھ کر جلسوں میں پہنچتے ہیں۔