آٹوگراف کے معاملہ پر معین خان اور یونس خان کے درمیان جھڑپ
لاہور (نمائندہ سپورٹس) کرکٹ ٹیم کے ’’دو خان‘‘ معین خان اور یونس خان کے مابین شارجہ میں شائقین کو آٹو گراف دینے کے معاملے پر جھڑپ ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق معین خان اور یونس خان کے مابین گرما گرمی اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ شارجہ سٹیڈیم گرائونڈ سے نکلتے ہوئے یونس خان پرستاروں کو آٹو گراف دے رہے تھے کہ منیجر معین خان نے جلدی جلدی نکلنے کا کہا۔ اس پر یونس خان غصے میں آگئے اور معین خان کو سخت الفاظ میں جواب دیا۔ ذرائع کے مطابق سینئر بلے باز اور ٹیم منیجر نے ایک دوسرے کو کھری کھری سنائیں۔ یونس خان نے معین خان کو شائقین کو آٹو گراف دیئے بغیر جانے سے انکار کیا۔ ساتھ ہی ان پر ماضی کا غصہ بھی نکال دیا۔ واضح رہے کہ یونس اور معین کے مابین ایک عرصے سے سرد جنگ جاری ہے۔ دو بری ذمہ داریوں کے حامل معین خان تجربہ کار بلے باز کو ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں تھے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کے بعد ٹیم منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو یونس کے معاملے پر دفاعی حکمت عملی اختیار کرنا پڑی تھی۔ شہریار خان نے یونس خان کو ون ڈیاسکواڈ میں شامل کرنے کی حمایت کی تھی۔ تازہ جھڑپ کے بعد یہ بات کھل کر سامنے آگئی ہے کہ دونوںکے مابین ’’سب اچھا‘‘ نہیں ہے۔ یونس خان نے عمدہ بلے بازی کے بعد سلیکشن کمیٹی اور اپنے دیگر مخالفین کو گرائونڈ سے باہر بھی ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔