• news

اسلامی پاکستان ہی خوشحال ملک ہو سکتا ہے، عام آدمی کو تحفظ ملے گا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہو سکتا ہے جس میں عام شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہو سکتا ہے، ہمارا ایجنڈا عام آدمی کا ایجنڈا ہے، عام آدمی پاکستان سے محبت کرتا ہے اور پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتا ہے، اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلئے میں نے علماء کرام، سیاستدانوں اور تاجروں سے بات کی ہے، انشاء اللہ جلد ہی تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد تحریک تکمیل پاکستان میں ہمارے شانہ بشانہ جدوجہد کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیں گے۔  جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد سیکٹر جی۔ 10میں شاپنگ مال کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فاروق خان اور ملک مہربان بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں غربت اور افلاس کے ذمہ دار وہ حکمران اور اشرافیہ ہیں جو اپنی ذات سے آگے سوچنے کو تیار نہیں، غریب طبقہ اپنا سب کچھ ملک و قوم پر نچھاور کرنے کو تیار ہے مگر جنہوں نے پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے وہ ایک کوڑی بھی یہاں خرچ کرنے کو تیار نہیں، ان کی جائیدادیں اور بنک بیلنس سب بیرون ملک ہیں وہ صرف حکومت کرنے پاکستان آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے اجتماع عام میں پاکستان کے پسے ہوئے غریب عوام کا ایجنڈا پیش کیا۔ ہم عوام کی قوت سے اقتدار میں آکر بنیادی ضرورت کی پانچ اشیاء آٹا، چاول، گھی، چینی اور چائے پر سبسڈی دیں گے اور ان کی قیمتوں پر مکمل کنٹرول ہوگا، اس کا اطلاق ہر اس فرد پر ہوگا جس کی ماہانہ آمدن تیس ہزار روپے سے کم ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہم غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرکے تعلیم کو عام اور مفت کریں گے، امیر اور غریب کے بچوں کیلئے ایک جیسے تعلیمی اور ہسپتال کے ادارے ہونگے، انہوں نے کہا کہ ہم پانچ بڑی بیماریوں کا علاج بالکل مفت کر دیں گے جن میں دل، گردے، کینسر، ٹی بی اور جگر کی بیماریوں کا علاج سرکاری ہسپتالوں سے بالکل فری ہوگا۔ جماعت اسلامی حکومت میں آکر ہر طرح کے سودی کاروبار ختم کر دے گی، ہم عوام سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ سودی اداروں کا بائیکاٹ کریں۔ دریں اثنا سراج الحق نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو فون کر کے انہیں کراچی کے مدرسہ سے بازیاب ہونے والی باجوڑ ایجنسی کی بچیوں کو جلد از بحفاظت ان کے والدین تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن