مذاکرات بھارت نے توڑے وہی پہل کرے، 30 نومبر کے حوالے سے حکومت پر کوئی پریشر نہیں: وزیر دفاع
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ بات چیت کا سلسلہ بھارت نے منقطع کیا تھا اور اسے ہی پہل کرنی چاہیے، وزیراعظم نے سارک کانفرنس میں واضح کیا کہ جنگ ہمارا مقصد نہیں‘ ہمیں غربت‘ جہالت‘ دہشت گردی اور بیروزگاری کے خلاف جنگ کرنی ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کے حوالے سے حکومت پر کوئی پریشر نہیں‘ راستے کھلے ہیں اور کہیں رکاوٹ نہیں ہے‘ حکومت نے پہلے بھی سیاسی سمجھ اور بردباری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہیں اور مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ملک میں معاشی ترقی لانا ہے۔ دھرنا بھی چلتا رہے اور ملکی ترقی کا سفر بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔