• news

30 نومبر کو افراتفری پھیلانے کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئیگا: حمزہ شہباز

لاہور+ گوجرانوالہ+ وزیر آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان 30 نومبر کو شوق سے سیاسی جلسہ کریں مگر حکومت سرکاری املاک پر حملہ کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔ عمران خان اگلے 90 دن بھی کنٹینر پر گزار دیں ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں ہماری حکومت بجلی کے منصوبے مکمل کر کے معیشت کی بحالی کے مشن پر کام جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز وزیر آباد میں سیلاب کے دوران مویشیوں سے محروم ہو جانے والے افراد میں حکومت پنجاب کی جانب سے متبادل مویشی تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں مقامی انتظامیہ اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔ حمزہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ سیلاب زدگان کے نقصان کا ازالہ نقد ادائیگی اور متبادل مویشیوں کی فراہمی کے ذریعے اس قدر مستعدی سے کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے سیلاب زدگان کی مدد کر کے ان پر احسان نہیں کیا بلکہ اپنا فرض ادا کیا ہے۔ حکومت اسی سال سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی و مرمت کا کام بھی مکمل کر لے گی۔ عمران خان نے دھرنا سازش کے ذریعے چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ کرایا اور ملک کا نقصان کیا مگر چین ہمارا مخلص دوست ہے۔ چینی قیادت نے خود وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے ہاں بلا کر بجلی کے پیداواری منصوبوں کے معاہدے کئے۔ چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں کوئلے کے ذریعے سستی ترین بجلی پیدا کریںگے اور کاشغر تا گوادر اقتصادی راہ داری قائم کر کے پاکستان کی قسمت بدل دیں گے۔ کراچی تا لاہور 6لینوں والا موٹر وے کا منصوبہ پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کا کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے عمران خاں کی لاہور سے شروع کی جانے والی سازش کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ سیاسی لوگ پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی پر دھاوا نہیں بولتے، عمران خان کا خون کی ہولی والا منصوبہ ناکام ہو گیا۔ عمران خاں دھرنوں اور بہتان بازی میں مصروف رہیں ہم بجلی کے منصوبے مکمل کر کے معیشت کی بحالی کا مشن پورا کریں گے۔ لوگ سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوئے مگر ان کا بے حس وزیر اعلی پرویز خٹک کنٹینر پر چڑھ کر رقص کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے عوام کو بے بسی کی تصویر بنا دیا مگر کنٹینر والوں نے نیچے اتر کر مصیبت زدہ لوگوں کی مددکرنا بھی گوارا نہ کیا۔ محض ایک لاکھ روپے ٹیکس دینے والاشخص جہاز اور بلٹ پروف گاڑیوں میں کس طرح پورے پاکستان میں گھوم رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے تعلیم کے بجٹ کا 80 فیصد خرچ کیا مگر کے پی کے حکومت صرف 20 فیصد خرچ کر سکی۔ دونوں حکومتوں کے درمیان یہی فرق ہے۔ عمران خان کہتے تھے کہ وہ کے پی کے میں بچیوں کے سکولوںکی تعداد دوگنا کر دیں گے مگر پونے دو سال میں صرف ایک سکول ہی بنا سکے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ جہانگیر ترین نے مشرف دور میں 24 ارب روپے کا قرضہ معاف کرایا اب وہ عمران خان کے جھوٹ کے پیچھے چھپ نہیں سکتے۔ عمران خان دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے پہلے اپنے ارد گرد ان لوگوں کو بھی دیکھیں جو راتوں رات امیر ہو گئے ہیں۔ عمران خان کے ساتھی ساہیوال کے ایک ایم این اے ڈیڑھ ارب روپے کے ڈیفالٹر ہیں انہیں بھی جلد بے نقاب کریں گے۔ مویشیوں کی تقسیم کی تقریب میں53 متاثرین سیلاب میں تقریباً 400 جانور تقسیم کئے گئے۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر جھوٹ بولنے اور لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے سے نیا پاکستان نہیں بن سکتا پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن اگر 30 نومبر کو افراتفری پھیلانے کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ، ڈی سی اوعظمت محمود، ممبر قومی اسمبلی جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ اور ممبران صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ، اکمل سیف چٹھہ، توفیق احمد بٹ، شاہین اشفاق، قیصر سندھو، اشرف انصاری، روفن جولیس، رفاقت حسین گج، رانا شمشاد احمد خان اور ڈائریکٹر لائیو سٹاک غلام محمد گل، ای ڈی او زراعت عبدالحمید اور لائیو سٹاک کے افسران نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن