نیشنل فورنزک ایجنسی کے ملازمین ایک سال سے تنخواہوں سے محروم
لاہور (جاوید اقبال +دی نیشن رپورٹ) نیشنل فورنزک ایجنسی کے ملازمین ایک سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ یہ ادارہ ہائی پروفائل کیسز خصوصاً ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو ڈیل کرتا ہے۔ وفاقی حکومت کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سرخ فیتے کے باعث ایجنسی کے تمام ملازمین تنخواہوں کے بغیر کام کر رہے ہیں۔ یہ ناانصافی نیشنل پولیس بیورو کی عین ناک کے نیچے انجام دی جا رہی ہے۔ اگرچہ حکومت بار بار دعوے کرتی ہے کہ دہشت گردی کے مقابلے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی مگر وہ عملہ کے 40 ارکان کی تنخواہوں کا معاملہ بہتر بنانے میں ناکام رہی ہے۔ وزارت داخلہ کی یہ سستی ہائی پروفائل کیسز کو خراب کر سکتی ہے۔