سزا کیخلاف گلو بٹ کی اپیل سماعت کیلئے منظور، ہائیکورٹ کا پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے گلو بٹ کی سزا کیخلاف اپیل سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ دو رکنی بنچ کے روبرو گلوبٹ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے گلوبٹ کو گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں مجموعی طور پر گیارہ سال تین ماہ قید کی سزا سنائی جبکہ گلو بٹ کے خلاف کسی بھی متاثرہ فریق نے شکایت درج نہیں کروائی۔ اس کے باوجود گلوبٹ کو سزا سنادی گئی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ گلوبٹ کی اپیل کے فیصلے تک سزا کو معطل کرکے ضمانت پر رہا کیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ جب گلوبٹ کی اپیل کی سماعت ہورہی ہے تو پھر فوری سزا معطل کرنے سے متعلق درخواست کا کوئی جواز نہیں آپ درخواست واپس لے لیں جس پر گلو بٹ نے درخواست واپس لے لی۔