پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ معاہدہ کی مدت اگلے ماہ ختم ہو گی
مکرمی! پاکستان اور ایران کے مابین ہونیوالے گیس پائپ لائن منصوبہ کی تعمیر و تکمیل کیلئے جو مدت مقرر ہوئی تھی وہ اگلے ماہ کے آخر (دسمبر 2014)میں ختم ہو رہی ہے۔ بظاہر تو یہ لگ رہا ہے کہ پاکستان اور ایران دونوں نے اس معاملہ میں خاموشی یا مفاہمت کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے مگر در حقیقت ایران اپنی حدود میں گیس پائپ لائن کی فٹنگ کا کام مکمل کرنے کے بعد کئی بار پاکستان کو اپنے حصہ میں پائپ لائن بچھانے کا کہہ چکا ہے مگر پاکستان میں حکمرانوں نے امریکہ کی ناراضگی کے ڈر سے اس منصوبہ کو لٹکائے رکھا ہے ۔ اب یہ حقیقت کہ دسمبر2014ء کے بعد پاکستان کو ایران کی جانب سے معاہدہ کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ معاہدہ کی شرائظ کی خلاف ورزی اور منصوبہ کی تکمیل نہ کرنے پر پاکستان کو ایک لاکھ ڈالر یومیہ کے حساب سے جرمانہ کی ادائیگی کے علاوہ دیگر قانونی اقدامات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ بہر صورت حکومت پاکستان ایک بہترین دوست پڑوسی برادر ملک جس نے برے وقتوں میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، صرف بیرونی طاقتوں کے دبائو پر اس مخلص دوست سے کئے گئے معاہدے پر عمل نہ کرنا پاکستان کیلئے فائدہ مند ہو گا نہ ہی اس اقدام سے امت مسلمہ کی کوئی خدمت ہو گی۔ (شیر سلطان ملک)