• news

عمران نواز شریف کا مینڈیٹ قبول کریں، خیبر پی کے میں انکا تسلیم کرلیں گے: اسفند یار

پشاور (نیوز ایجنسیاں) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ عمرا ن خان نوازشریف کے مینڈیٹ کو قبول کریں ہم خیبر پی کے میں انکے مینڈیٹ کوقبول کرلیں گے۔ ہمیں کالا باغ ڈیم کسی صورت منظور نہیں یہ کسی صورت بھی نہیں بنے گا، ہم لوگوںکی جان خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔ میں نے اپنی زندگی میں عمرا ن خان جیسا غیرسیاسی انسان آج تک نہیں دیکھا، ہردوگھنٹے کے بعد عمران خان یوٹرن لے لیتے ہیں، کاش کوئی کپتان صاحب کو پاکستان کی تاریخ پڑھا سکے۔ آئی ڈی پیز کھانے کو ترس رہے ہیں لیکن عمرا ن خان کہتے ہیں کہ یہ میر ی ذمہ دار ی نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کان کھول کر سن لیں ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔ کالاباغ ڈیم اورپاکستان دونوں ساتھ نہیں چل سکتے، بعض لوگ پس پردہ اٹھارویں ترمیم کو چھیڑ رہے ہیں اگر کسی نے بھی آئین اور اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا تو ملک میں پھر پانچ آئین ہو نگے۔ہم نے جمہوریت کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں اورنوازشریف کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کےساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کا مینڈیٹ نواز شریف نے نہیں بلکہ عمران خان نے چرایا ہے۔ انہوں نے چودھری برادران کی جانب سے کالاباغ ڈیم بنانے پر تنقیدکرتے ہو ئے کہا کہ کالاباغ ڈیم کسی بھی صورت منظور نہیں کالاباغ ڈیم اور پاکستان دونوں ساتھ نہیں چل سکتے۔
اسفند یار

ای پیپر-دی نیشن