جڑانوالہ: خاتون کی مبینہ خودسوزی کی کوشش، گوجرانوالہ میں 2 خواتین نے زندگی ختم کرلی
جڑانوالہ+ فیصل آباد+ سمندری+ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) مختلف وجوہات پر خاتون کی مبینہ طور پر خودسوزی کی کوشش، نوجوان اور 2 خواتین نے زندگی ختم کر لی۔ جڑانوالہ میں خاتون کی پٹرول چھڑک کر خود کشی کی کوشش، چک نمبر147گ ب دلمیر دی جھوک میں ثمینہ بی بی نے مبینہ طور پر اپنے خاوند محمد شعیب کیساتھ روز روز کے جھگڑوں کی بنا پر اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جس سے وہ شدید جھلس گئی۔ ثمینہ کا خاوند کیساتھ گھریلو حالات پر اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا اُس نے اپنے آپ پر آگ لگا لی مگر خاوند نے شعیب نے فوری طور پر آگ کو بجھا دیا۔ علاوہ ازیں سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر سہیل تاجک نے لنڈیانوالہ میں چک نمبر 147گ ب کی مسماة ثمینہ زوجہ محمد شعیب قوم کمیانہ کو آگ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی جڑانوالہ محمد اختر وینس اور ایس ایچ او محمد ناصر عباس اور معاملہ کی فوری چھان بین کا حکم دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسماة ثمینہ زوجہ شعیب نے گھریلو جھگڑے پر اپنے آپ کو خود آگ لگائی ہے 60% سے زائد جسم جل گیا ہے سمندری میں محلہ اشرف کے ثقلین ولد غلام عباس نے گھریلو لڑائی جھگڑوں سے تنگ آ کرگندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں۔ گوجرانوالہ میں گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ دو خواتین نے خودکشی کر لی۔ معلوم ہوا ہے دھلے کی رہائشی حنا نے اپنے شوہر شاہ زیب کے ساتھ جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں جبکہ چاہ تیلیاں والا کی دو بچوں کی ماں صائمہ نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر تیزاب پی لیا تاہم دونوں خواتین کو تشویشناک حالت کے باعث طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیا ہے۔
زندگی ختم